جھوٹے سیاسی مقدمات کی مذمت


جرمنی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی عہدیداروں اور صوبائی صدور نے اپنے مرکزی اجلاس میں حکومت کی طرف سے خودساختہ مقدمات کے ذریعے سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول زرداری بھٹو کو دیوار سے لگانے کی تمام کوششوں کی شدیدمذمت کی ہے ۔ پارٹی نے چیئرمین بلاول زرداری بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہمارا جینا، مرنا چیئرمین بلاول کے ساتھ ہے۔
اجلاس میں تقاریر میں حکومتی وزیروں کو متنبہ کیا گیا کہ وہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف نازیبا کلمات استعمال کرنے سے گریز کریں اگر ہم نے ان کا شجرہ نسب کھولنا شروع کیا تو وہ کہیں منہ دکھانے کے قابل نہ رہیں گے۔ پیپلز پارٹی کا اہم اجلاس پاکستان پیپلز پارٹی جرمنی کے صدر زاہد عباس شاہ کی صدارت میں گوٹنگن میں پارٹی راہنمانزہت ہارون کی رہائش گاہ پرمنعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی تنظیم کے عہدیداروں کے علاوہ صوبائی صدور، جنرل سیکرٹریز، پیپلز پارٹی یوتھ ونگ کے عہدیداروں کے علاوہ خواتین ونگ کی جرمنی کی صدر محترمہ نزہت ہارون سمیت دیگر خواتین عہدیداروں ، پارٹی کے سینئر راہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں عہد کیا گیا کہ ہم چیئرمین بلاول بھٹو کی جمہوری جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں اور ان کی راہنمائی و ہدایات کی روشنی میں جرمنی میں پارٹی کو فعال اور متحد رکھیں گے۔ گزشتہ ماہ میونخ میں پارٹی چیئرمین کی طرف سے ملنے والی ہدایات کی روشنی میں یوتھ اور خواتین ونگز کا بھی باقاعدہ عملی آغاز کردیا گیا ہے۔
اجلاس کے آغاز میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں اور نیوزی لینڈ میں دو مساجد میں دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت کی گئی اوردو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ نیزدہشت گردی کی مذمت کی گئی۔اس موقع پر پیپلزپارٹی جرمنی کے صدر زاہد عباس شاہ نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم بھٹو کے مشن کو جاری رکھیں گے اور جرمنی میں خواتین،نوجوانوں کو ساتھ ملاتے ہوئے پارٹی کو متحد اور فعال رکھیں گے۔ انہوں نے کہا پارٹی عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے۔
پارٹی کے خواتین ونگ کے قیام اور چیئرمین کی ہدایات کی روشنی میں زاہد عباس شاہ نے کہا کہ بہت جلد خواتین ونگ کی شہری تنظیمیں بھی فعال ہو جائیں گی اور پارٹی کو مزید مضبوط بنائیں گی۔ خواتین ونگ کی صدر نزہت ہارون کی صدارت میں خواتین ونگ کا الگ اجلاس بھی منعقد ہوا، اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ مجھے جو ذمہ داری سونپی گئی ہے اس کو پورا کرنے کی انتھک محنت کروں گی اور بھٹو کے مشن کو گھر گھر تک پہنچائیں گے۔
اجلاس میں خطاب کرنے والوں میں پارٹی کے جنرل سیکرٹری چوہدری فاروق، سینئر نائب صدر چوہدری محمد یونس، نائب صدر کفائت حسین، برلن کے صدر ملک منظور اعوان، ہمبرگ کے صدر فرید شاہ، بریمن کے صدر نسیم چیمہ، طلبہ تنظیم کے راہنما مسرور حسین سمیت گوٹنگن
شہر سے دیگر مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والی شخصیات اور دوسرے شہروں سے آنے والے سینئر راہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی،اختتام پر میزبان نزہت ہارون کی طرف سے شرکا کو پرتکلف عشائیہ بھی دیا گیا۔