عمان اور امریکہ کے درمیان دفاعی تعاون معاہدہ

  • بدھ 27 / مارچ / 2019
  • 8590

عمان نے امریکی جنگی طیاروں اور بحری جہازوں کو اپنے ہوائی اڈے اور بندرگاہیں استعمال کرنے کی اجازت دیتے ہوئے باقاعدہ معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔

عمان کی سرکاری نیوز ایجنسی نے بتایا ہے کہ ’فریم ورک معاہدے‘ کے تحت عمان امریکی عسکری تعلقات کو فروغ دیا جائے گا۔  معاہدے کی رو سے امریکی فورسز عمان کے ہوائی اڈے اور بندرگاہوں کی سہولیات حاصل کر سکیں گی جن میں خصوصاً بندرگاہ دقم شامل ہے۔

دقم بندرگاہ جنوبی عمان میں بحیرہ عرب میں واقع ہے جو خلیج فارس اور گلف آف عمان کے بحری راستے سے محض 500 کلومیڑ کے فاصلے پر ہے۔  خلیج فارس اور گلف آف عمان کے اس تنگ بحری راستے سے روزانہ تیل کی بڑی سپلائی ہوتی ہے اور یہ جغرافیائی لحاظ سے انتہائی اہم تصور ہوتی ہے۔

ایران نے سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے اختلاف کی بنیاد پر اسی بحری راستے کو متعدد مرتبہ بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔ تنگ بحری راستے کو عالمی گزر گاہ کی حیثیت بھی حاصل ہے اور امریکی اور ایرانی فورسز کو اس جگہ پر کشیدگی کا سامنا رہا ہے۔

واضح رہے کہ خلیجی ممالک میں سب سے زیادہ امریکی ملٹری بیس قائم ہیں خصوصاً قطر میں 10 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔  امریکہ اور عمان کے مابین معاہدے پر دونوں ممالک کے وزرائے دفاع نے دستخط کیے۔