نیوزی لینڈ دہشتگردی کے بعد برطانیہ میں مساجد پر حملوں کی نئی لہر

  • بدھ 27 / مارچ / 2019
  • 5530

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر ہونے والے حملوں کے بعد برطانیہ میں مساجد اور مدرسوں پر حملوں کی ایک نئی لہر آئی ہے۔  ان حملوں کو مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے جس میں برطانیہ میں چھ سو فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

گزشتہ ایک ہفتے میں ریکارڈ  کیے گئے نفرت انگیز جرائم میں 2017 میں مانچسٹر میں ہونے والے دہشتگرد حملے کے بعد ہونے والے نفرت انگیز جرائم سے بھی زیادہ ہیں۔  پیر کے روز نیوکاسل میں ’باہر اکیڈمی اسلامک سکول‘ پر حملے میں توڑ پھوڑ کے واقعے کے بعد چھ نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نیوکاسل اسلامک سکول پر حملے کو نفرت انگیز جرم کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

جن چھ نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ان کی عمریں چودہ سے اٹھارہ برس کےدرمیان ہیں اور ان میں دو لڑکیاں بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق باہر اکیڈمی پر حملے کے دوران قران مجید کے نسخوں کو نقصان پہنچانے کے علاوہ عمارت کو وسیع پیمانے پر نقصان پہنچایا گیا۔ اس مسجد کو تین ماہ میں دوسری بار نقصان پہنچایا گیا ہے۔

پولیس نے بائیس مارچ کو برمنگھم کی پانچ مساجد کو نقصان پہنچانے کے الزام ایک چونتیس سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق پیری بار سے تعلق رکھنے والے ایک چونتیس سالہ شخص نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے اور اسے مینٹل ہیلتھ ایکٹ کے تحت تحویل میں رکھا گیا ہے۔ پولیس سمجھتی ہے کہ وہ کسی منظم گروہ کا حصہ نہیں ہے اور نہ اس کی حرکت کسی دائیں بازو کے شدت پسند گروہ کے اکسانے کا نتیجہ ہے۔

پولیس نے ایسٹ لندن کی مسجد کے باہر ہتھوڑے سے ایک شخص پر ہونے والے حملے سے متعلق عوام سے معلومات کی اپیل کی ہے۔  پولیس کو مطلع کیا گیا تھا کہ پندرہ مارچ کو تین افراد نے کینن سٹریٹ روڈ پر ایک نیلے رنگ کی فورڈ فیسٹا کار سے نکل کر ایک شخص پر حملہ کیا اور پھر کار میں بیٹھ کر موقع سے فرار ہو گیا۔

ٹیل ماما کی ڈائریکٹر ایمان عطا نے کہا کہ ’نفرت انگیز جرائم میں اضافہ پریشان کن ہے۔‘ انہوں نے کہا ’اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ لوگ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کو جائز تصور کرتے ہیں اور اس سے واضح ہوتا ہے کہ ہمیں ایک ایسے منافرت انگیز نظریے کا سامنا ہے جس کی توجہ مسلمانوں پر ہے۔‘ پولیس نے کہا ہے کہ گزشتہ جمعہ کو برطانیہ میں نماز جمعہ کے اوقات کے قریب پولیس کی اضافی گشت کا انتظام کیا گیا تھا۔

اسٹنٹ چیف کانسٹیل مارک ہملٹن نے کہا ہے کہ تجربہ بتاتا ہے کرائسٹ چرچ جیسے بھیانک حملے برطانیہ میں بھی کشیدگی میں اضافے کا سبب بنیں گا اور اس سے برطانیہ میں متاثرہ کمیونٹیز میں خوف کا احساس بڑھے گا جس کی وجہ سے ایسے واقعات کی رپورٹنگ میں بھی اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو نفرت انگیز جرائم کا سامنا نہیں کرنا چاہیے اور متاثرین کو چاہیے کہ اگرانہیں کسی ایسی صورتحال کا سامنا ہے تو وہ پولیس کو رپورٹ کریں۔

(بشکریہ: بی بی سی )