پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور سے کھول دی گئیں، اندرون ملک تمام پروازیں بحال ہوگئیں
- بدھ 27 / مارچ / 2019
- 6640
پاکستان نے اندرون اور بیرون ملک پروازوں کے لئے اپنی ائیر سپیس کو مکمل طور پر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ بھارت کے ساتھ تنازعہ کے بعد پاکساان کی فضائی حدود جزوی طور سے اٹھائیس روز تک بند رہی تھیں۔ جس کی وجہ سے اندرون ملک پروازوں کو بھی طویل مسافت طے کرکے منزل مقصود تک پہنچنا پڑتا تھا۔
اس سے پہلے اگرچہ اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کے ہوائی اڈے کھول دیے گئے تھے لیکن مشرقی فضائی حدود بند رہی تھیں۔ اب ملک کے تمام ہوائی اڈوں سے پروازیں معمول کے مطابق روانہ ہوں گی۔
ملک کی فضائی حدود 27 فروری کو سیکورٹی صورت حال کی وجہ سے مکمل طور سے بند کردی گئی تھی۔ پی آئی اے کے اعلان کے مطابق قومی ائیر لائین اب اندرون ملک تمام پروازیں بحال کررہی ہے۔
سول ایوی ایشن کی طرف سے فضائی حدود کھولنے کے باوجود بنکاک ، کوالالمپور اور نئی دہلی کی پروازیں معطل رہیں گی۔