قوم کی دولت واپس کرو ورنہ کسی کو نہیں چھوڑوں گا: عمران خان
- ہفتہ 30 / مارچ / 2019
- 9590
وزیراعظم عمران خان نے شریف برادران اور آصف زرداری کو متنبہ کیا ہے کہ اپنی چوری بچانے کے لیے آپ نے جو مرضی کرنا ہے کریں، ہم آپ کو نہیں چھوڑیں گے۔
گھوٹکی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین اور دیگر افراد کو پیغام دیا کہ قومیں غریب نہیں ہوتیں، کرپشن اسے اور ملک کو غریب بنادیتی ہے۔ ایک وقت تھا کہ دنیا میں ہماری مثال دی جاتی تھی اور لوگ ہمارے ترقی کرنے کے ماڈلز کو اپناتے تھے لیکن آج پاکستان پر تاریخی قرضہ چڑھا ہوا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے سب اختیار صوبوں کے پاس چلا گیا ہے۔ 18ویں ترمیم کے بعد مرکز کی حالت یہ ہے کہ وفاقی حکومت کے پاس ساڑھے 5 ہزار ارب روپے ہیں جس میں سے 2 ہزار ارب قرض اور باقی ساڑھے 3 ہزار میں سے ڈھائی ہزار ارب صوبوں کو چلا جاتا ہے اور ہمیں 1700 ارب دفاع کے لیے دینے پڑتے ہیں اور مرکز 700 ارب کے خسارے میں ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک کو مقروض کرنے والوں کا جب احتساب ہورہا ہے تو جمہوریت خطرے میں آگئی؟ کہا جارہا ہے کہ طاقتور کا تو کبھی احتساب ہوا ہی نہیں، جب ان پر ہاتھ ڈالا جارہا تو جمہوریت خطرے میں آگئی۔ چوری بچانے کے لیے ٹرین مارچ شروع ہوگئی۔ اربوں روپے بچانے کے لیے ٹرین مارچ کرنے والے لوگوں کو 2 ہزار روپے دے کر بلاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شریف برادران پہلے کہتے تھے زرداری کرپٹ ہیں، زرداری اور ان کے بیٹے کہتے تھے کہ وہ کرپٹ ہیں۔ لیکن آج جمہوریت بچانے کے لیے دونوں اکھٹے ہورہے ہیں۔ میں ان کو چیلنج دیتا ہوں کہ جو مرضی کرنا چاہتے ہیں کریں۔ ہم نے آپ کو نہیں چھوڑنا۔ یہ قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی۔ آپ کے پاس صرف ایک راستہ ہے۔ قوم کا پیسہ واپس کریں پھر ہم آپ کو چھوڑیں گے۔ اس کے علاوہ آپ نے ٹرین مارچ کرنی ہے تو کریں، ڈی چوک پر کنٹینرز تیار ہیں وہاں جاکر دھرنا بھی دے دیں۔