اٹھارویں ترمیم ختم نہیں کرنے دیں گے: قمر زمان کائرہ
- ہفتہ 30 / مارچ / 2019
- 6450
پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ضیاء کے مارشل لاء اور مشرف کا ظلم بھی پیپلزپارٹی کو نہیں روک سکا تو عمران خان کیا شے ہیں۔ پیپلز پارٹی کسی قیمت پر اٹھارویں ترمیم ختم نہیں کرنے دے گی۔
لاہورمیں پارٹی رہنما چودھری منظور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ملکی مفاد کیلئے ماضی میں دل پر پتھر رکھ کر ق لیگ سے الحاق كیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اٹھارہویں ترمیم رول بیک کرنا چاہتی ہے تو اسے ہماری لاشوں پر سے گزرنا ہوگا۔ اس موقع پر چودھری منظو ر کا کہنا تھا کہ ماضی میں پیپلز پارٹی ق لیگ کو توڑ سکتی تھی مگر اس نے ایسا نہیں کیا۔
واضح رہےعمران خان نے آج گھوٹکی میں جسلہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اٹھارویں ترمیم پر نکتہ چینی کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے سب اختیار صوبوں کے پاس چلا گیا ہے۔ 18ویں ترمیم کے بعد مرکز کی حالت یہ ہے کہ وفاقی حکومت کے پاس ساڑھے 5 ہزار ارب روپے ہیں۔
اس میں سے 2 ہزار ارب قرض اور باقی ساڑھے 3 ہزار میں سے ڈھائی ہزار ارب صوبوں کو چلا جاتا ہے۔ ہمیں 1700 ارب دفاع کے لیے دینے پڑتے ہیں۔ اور مرکز 700 ارب کے خسارے میں ہے۔