معمولی جھگڑے پر نوجوان کو جلا دیا گیا

  • ہفتہ 06 / اپریل / 2019
  • 6790

پنجاب کے شہر شیخوپورہ کے علاقے خانقاہ ڈوگراں میں مخالفین نے معمولی جھگڑے پر 17 سالہ لڑکے کو مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ محلے داروں نے زخمی لڑکے کو اسپتال پہنچایا۔

پولیس کے مطابق محمد سعد اور احتشام کے درمیان گلی میں شورشرابے پر جھگڑا ہوا۔ محلے داروں نے معاملہ رفع دفع کرا دیا۔ دوسرے دن احتشام نے بہانے سے سعد کو اپنے گھر بلایا اور اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

زخمی سعد کو تشویشناک حالت میں میو اسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔

سعد کے والدین کا کہنا ہے کہ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے لیکن کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ  اعلیٰ حکام اس واقعہ کا نوٹس لیں۔