پاک فوج نے بھارتی مگ گرانے کے ثبوت جاری کردیے
- ہفتہ 06 / اپریل / 2019
- 7030
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے پاکستان کا ایف 16 طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹا ثابت کرتے ہوئےبھارتی مگ 21 مار گرانے کے ثبوت جاری کئے ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایف 16 طیارہ مار گرانے کا بھارتی دعویٰ محض دعویٰ ہے۔ جبکہ بھارتی مگ 21 کو پاک فضائیہ نے مار گرایا تھا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت کے گرائے گئے مگ 21 کے چاروں میزائل کا ملبہ حاصل کر لیا گیا ہے جو بھارتی جھوٹ کا ثبوت ہے۔ یہ چاروں میزائل درست حالت میں ہیں۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور اس کی پیشہ ور مسلح افواج ڈھول نہ پیٹ کر بردباری کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ جبکہ اس معاملے پر بتانے کرنے کے لیے ہمارے پاس اس سے زیادہ سچ موجود ہے۔
اس سے پہلے ایک امریکی جریدے نے بھارت میں ہونے والے انتخابات سے محض ایک ہفتہ قبل اپنی رپورٹ میں بھارتی دعوے کی قلعی کھول دی تھی۔ امریکی رپورٹ کے مطابق دونوں جوہری ممالک کے درمیان فروری میں ہونے والی فضائی جھڑپ مین پاکستانی ایف 16 مار گرانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹ تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی اہلکاروں نے پاکستان کے تمام ایف-16 طیاروں کی گنتی کی جس میں معلوم ہوا کہ تمام طیارے موجود ہیں۔
امریکی حکام کی اس معلومات سے بھارتی فضائی حکام کے اس دعوے کی تردید ہوگئی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ونگ کمانڈر ابھے نندن کے طیارے نے پاکستانی میزائل کا نشانہ بننے سے قبل پاکستان کے ایف-16 طیارے کو مار گرایا تھا۔