شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر رمضان شوگر ملز ریفرنس میں فرد جرم عائد کردی گئی
- منگل 09 / اپریل / 2019
- 8600
لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کردی ہے۔ دونوں رہنماؤں کے خلاف اختیارات کا غلط استعمال اور عوامی فنڈز کے غیر قانونی استعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت کی۔ اس دوران شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔ شہباز شریف سابق وزیر اعلیٰ پنجاب تھے اور اس وقت وہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں جبکہ حمزہ شہباز رکن صوبائی اسمبلی کے ساتھ ساتھ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہیں۔
سماعت کے دوران نیب وکیل کی جانب سے کہا کہ آج رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد ہونا ہے۔ اس پر جج نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ رمضان شوگر ملز ریفرنس کیا ہے؟ نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے کہا کہ رمضان شوگر مل کے نالے بنانے میں عوام کا پیسہ استعمال کیا گیا۔
کمرہ عدالت میں موجود شہباز شریف نے کہا کہ نیب نے غلط کیس بنائے ہیں، اس پر جج نے کہا کہ آپ انتظار کریں اپنی باری پر ضرور بولیے گا۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ 10 برس میں خدا جانتا ہے کہ 23سو ارب روپے بچائے ہیں۔ میں نے اس نالے میں کچھ نہیں کیا نہ کوئی غلط پیسہ استعمال ہوا۔
بعد ازاں عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کردی۔ دونوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔
گزشتہ روز وفاقی تحقیقاتی ادارے نے رمضان شوگر ملز کے منیجر محمد مشتاق عرف چینی کو دبئی جاتے ہوئے ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا تھا۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ حراست میں لیا گیا شخص مبینہ طور پر شہباز شریف خاندان کا فرنٹ مین تصور کیا جارہا اور یہ شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد مبینہ طور پر روپوش ہوگیا تھا۔
18 فروری کو قومی احتساب بیورو نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے رکن صوبائی اسمبلی حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس میں نیا ریفرنس دائر کیا تھا۔ اس ریفرنس میں صرف دونوں ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ رمضان شوگر ملز کے لیے انہوں نے غیر قانونی طور پر نالہ تعمیر کروایا۔
عدالت میں دائر ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے اس نالے کی تعمیر سے قومی خزانے کو 21 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا۔ لہٰذا دونوں ملزمان کو سزا دی جائے۔