عمران خان کی بھارت اور اسرائیلی قیادت پر تنقید، انتخابی کامیابی کے لئے انتہاپسندی کا الزام

  • منگل 09 / اپریل / 2019
  • 6960

وزیر اعظم عمران خان نے بھارت اور اسرائیل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ لینے کے لیے دونوں ملکوں کی قیادت اپنے عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نے منگل کو ٹوئٹر پر بھارتی اور اسرائیلی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ اسرائیل میں آج انتخابات ہیں جبکہ بھارت میں 11اپریل سے انتخابی عمل شروع ہونے والا ہے۔

وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ جب بھارت و اسرائیل میں رہنما محض ووٹوں کے لیے اخلاقی دیوالیہ پن میں کمشیر اور مغربی پٹی پر عالمی قوانین، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اپنے آئین کے برعکس قبضہ جمائے رکھنے کا نعرہ لگاتے ہیں تو کیا عوام کو غصہ نہیں آتا اور وہ ان سے پوچھتے نہیں کہ انتخاب جیتنے کیلئے آخر کس حد تک جاؤ گے؟

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت مظالم کا سلسلہ ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے اور پلوامہ حملے کے بعد قابض بھارتی افواج کے انسانیت سوز رویے میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نتن یاہو کا کہنا ہے کہ اگر وہ دوبارہ اقتدار میں آئے تو غربِ اردن میں یہودی آبادیوں کو اسرائیل کا حصہ بنا دیں گے۔

عالمی قوانین کے تحت یہ بستیاں غیرقانونی ہیں لیکن اسرائیل ان قوانین کو تسلیم کرنے سے انکار کرتا ہے اور اسے اسرائیل کا حصہ بنانے کے درپے ہے۔