ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 75 لاکھ ہوگئی
- بدھ 10 / اپریل / 2019
- 6000
پاکستان میں ووٹروں کی کل تعداد 10 کروڑ 75 لاکھ ہو گئی ہے جس میں صوبہ پنجاب اور صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے ووٹرز کی تعداد مجموعی اعداد و شمار کا 78 فیصد ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر کے مجموعی ووٹرز میں 6 کروڑ 2 لاکھ یعنی 56 فیصد تعداد مرد ووٹرز جبکہ 4 کروڑ 74 لاکھ 80 ہزار یعنی 44 فیصد خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے 57.09 فیصد ووٹرز کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے جن کی تعداد 6 کروڑ 13 لاکھ 80 ہزار ہے۔ اس میں 3 کروڑ 40 لاکھ 30 ہزار یعنی 55 فیصد مرد جبکہ 2 کروڑ 73 لاکھ 50 ہزار یعنی 45 فیصد خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
اس طرح ملک کے ووٹرز میں سندھ کا حصہ 2 کروڑ 29 لاکھ 20 ہزار افراد کے ساتھ 21.32 فیصد ہے جس میں مرد ووٹرز ایک کروڑ 27 لاکھ 20 ہزار یعنی 56 فیصد اور خواتین ووٹرز ایک کروڑ 2 لاکھ کی تعداد کے ساتھ 44 فیصد ہیں۔
ایک کروڑ 53 لاکھ 50 ہزار کے ساتھ صوبہ خیبر پختونخوا کا حصہ 14.28 فیصد ہے جن میں مرد ووٹرز 80 لاکھ 71 ہزار یعنی 57 فیصد جبکہ 60 لاکھ 64 ہزار یعنی 43 فیصد ووٹرز خواتین ہیں۔
بلوچستان کے ووٹرز 43 لاکھ 30 ہزار رجسٹر ووٹرز کے ساتھ کل تعداد کا 4.06 فیصد ہیں، جن میں مرد ووٹرز 25 لاکھ 20 ہزار یعنی 58 فیصد جبکہ خواتین ووٹرز 18 لاکھ 40 ہزار یعنی 42 فیصد ہیں۔
حال ہی میں خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائیلی علاقوں میں 26 لاکھ 80 ہزار تعداد کے ساتھ ملک کے 2.50 فیصد ووٹرز رجسٹر ہیں۔ ان میں 16 لاکھ 10 ہزار (58 فیصد) مرد ووٹرز جبکہ 10 لاکھ 70 ہزار (40 فیصد) ووٹرز خواتین ہیں۔
خیال رہے کہ 2018 کے انتخابات میں رجسٹر ووٹرز کی مجموعی تعداد 9 کروڑ 70 لاکھ تھی جس میں 5 کروڑ 45 لاکھ مرد اور 6 کروڑ 24 لاکھ خواتین ووٹرز شامل تھیں۔