حنیف عباسی کی سزا معطل، ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

  • جمعرات 11 / اپریل / 2019
  • 6760

لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے حنیف عباسی کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا  ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کی جج جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے حنیف عباسی کی سزا معطل کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔  حنیف عباسی کی درخواست میں کہا گیا تھا کہ وہ جیل میں 4 مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں اور جیل میں انہیں ہارٹ اٹیک ہو چکا ہے۔

درخواست میں  میں مزید کہا گیا کہ انسدادِ منشیات عدالت نے فیصلہ اہم قانونی نکات کو نظر انداز کرکے کیا تھا۔ عباسی کی کمنی نے ادویات سازی کے لیے ایفی ڈرین منگوائی تھی۔ کیس میں نامزد دیگر 7 ملزمان کو رہا کیا گیا جبکہ درخواست گزار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے سزا سنائی گئی۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ماتحت عدالت نے فیصلہ جاری کرتے وقت اصل حقائق پس پشت ڈال کر سزا سنائی۔ عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی کہ عدالت سزا معطل کرکے ضمانت منظور کرے اور رہا کرنے کا حکم دے۔

دوران سماعت عدالت عالیہ نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ آپ جن دستاویزات کا حوالہ دے رہے ہیں، وہ کہاں ہیں، فیصلے سے اپنے ثبوت ثابت کریں؟ عدالت نے مزید ریمارکس دیئے کہ فیصلے میں لکھا ہے کہ انوائس پر یقین نہیں کیا جا سکتا۔ سزا ان شواہد پر دی گئی جو ملزمان نے پیش کیے۔

خیال رہے کہ حنیف عباسی نے ایفی ڈرین کیس میں لاہور ہائیکورٹ میں سزا معطلی کی اپیل دائر کی تھی، جسے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے سماعت کے لیے منظور کیا تھا۔ اپیل میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ جولائی 2018 میں غیر قانونی طور پر عمر قید اور جرمانے کی سزا دی گئی۔

اس سے قبل ہائیکورٹ کے 2 رکنی راولپنڈی بینچ نے مذکورہ اپیل پر سماعت سے معذرت کی تھی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی سمیت دیگر ملزمان پر جولائی 2012 میں 5 سو کلو گرام ایفی ڈرین حاصل کرنے کا کیس دائر کیا گیا تھا۔ مذکورہ مقدمے میں حنیف عباسی کے علاوہ غضنفر، احمد بلال، عبدالباسط، ناصر خان، سراج عباسی، نزاکت اور محسن خورشید نامی لوگ شامل ہیں۔

ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں دورانِ سماعت اب تک 5 ججز تبدیل ہو چکے ہیں جبکہ اس میں 36 گواہان نے اپنی شہادتیں قلمبند کرائیں۔ ملزمان پر الزام عائد ہے کہ انہوں نے ایفی ڈرین کا غلط استعمال کرتے ہوئے منشیاات اسمگلروں کو فروخت کیں۔

حنیف عباسی گزشتہ انتخابات میں راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-60 سے امیدوار تھے اور فیصلے کے بعد وہ انتخابات کے لیے نااہل قرار دے دیے گئے تھے۔ اس حلقے میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ان کے مدمقابل تھے۔