بالاکوٹ کارروائی میں کوئی پاکستانی فوجی یا شہری جاں بحق نہیں ہوا: سشما سوراج

  • جمعہ 19 / اپریل / 2019
  • 5770

بھارتی حکومت نے کئی دنوں تک عوام سے جھوٹ بولنے کے بعد بالآخر تسلیم کرلیا ہے کہ 26 فروری کو بالاکوٹ میں بھارتی ایئر فورس کی فضائی کارروائی میں کسی پاکستانی شہری یا فوجی کا جانی نقصان نہیں ہؤا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اس بات پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ آخر کار سچ سامنے آ ہی گیا۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’زمینی حقائق کی مجبوریوں کے تحت بالآخر سچ سامنے آگیا‘۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ فضائی جھڑپ میں کامیابی کے جھوٹے دعوے کی سچائی بھی جلد سامنے آجائے گی۔

خیال رہے کہ بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں خواتین کی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ اور بھارتیا جنتا پارٹی کی رہنما سشما سوراج نے اعتراف کیا تھا کہ بالاکوٹ فضائی حملے میں کسی پاکستانی فوجی یا شہری کی جان نہیں گئی۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ فضائی کارروائی ’اپنے دفاع‘ میں کی گئی۔

اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ ’جب ہم نے پلوامہ حملے کے بعد سرحد کے اس پار کارروائی کی تو بین الاقوامی برادری کو بتا دیا تھا کہ ہم نے یہ قدم صرف اپنے دفاع میں اٹھایا تھا‘۔