سعودی عرب: پولیس اسٹیشن پر حملہ کی کوشش کرنے والے 4 دہشت گرد ہلاک

  • اتوار 21 / اپریل / 2019
  • 9830

سعودی سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 4 مسلح دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سعودی خبررساں ادارے العربیہ کے مطابق یہ واقعہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے شمالی علاقے میں پیش آیا۔  رپورٹ کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے ریاض کے شمالی علاقے الزلفی میں قائم پولیس تھانے پر حملہ کیا تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس حملہ ناکام بنادیا۔ سعودی سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

رواں ماہ سعودی عرب میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کا یہ دوسرا حملہ ہے۔  اس سے قبل 9 اپریل کو سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا۔ تاہم سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے تھے اور 2 کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

رواں برس 10 جنوری کو سعودی خفیہ ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے 6 مشتبہ افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔  9 اپریل کو ہونے والی کارروائی کے بارے میں سعودی حکام کا کہنا تھا کہ مارے جانے والے دہشت گرد قطیف میں ہونے والے حملے میں ملوث تھے۔