کیلی فورنیا میں یہودیوں کی عبادت گاہ پر حملہ، خاتون ہلاک
- اتوار 28 / اپریل / 2019
- 9310
امریکی ریاست کیلی فورنیا میں یہودیوں کی عبادت گاہ پر فائرنگ کے نتیجہ میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی ہے۔ جبکہ راہب سمیت تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق ایک 19 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس کا نام 'جان ارنسٹ' بتایا جا رہا ہے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سائنا گاگ میں تقریب جاری تھی اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھے۔ واقعے میں ہلاک ہونے والی خاتون کا نام 'لوری کے' بتایا جا رہا ہے جس کی عمر 60 سال ہے۔
سین ڈیاگو پولیس کے آفیسر بل گورے کے مطابق حملہ آور نے جائے وقوعہ سے فرار کے کچھ دیر بعد 911 پر رابطہ کرکے خود واقعے کی اطلاع دی۔ جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتاری کے دوران ملزم کود کر اپنی گاڑی سے باہر آیا ہاتھ اُوپر کئے اس موقع پر گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر رائفل بھی موجود تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے کو نفرت آمیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ہمدردیاں واقعے میں متاثر ہونے والے افراد کے ساتھ ہیں۔ ہم اس واقعے کی تہہ تک جائیں گے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ اس امکان کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ کہیں یہ ملزم نیوزی لینڈ واقعے میں ملوث ملزم سے متاثر تو نہیں تھا۔
چھ ماہ قبل پٹس برگ میں یہودیوں کی عبادت گاہ پر ہونے والے حملے میں بھی 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔