ناروے اور ڈنمارک سمیت 48 ممالک کے شہریوں کو پاکستانی ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی

  • اتوار 28 / اپریل / 2019
  • 8930

وزارت داخلہ نے نئی ویزا پالیسی جاری کردی ہے۔ اس کے تحت ناروے اور ڈنمارک سمیت  48 ممالک کو ویزے میں نرمی دیتے ہوئے مخصوص وقت کے لیے ویزا فری کردیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ناروے، ڈنمارک، ایران، ملائیشیا، روس، ترکی، چین، سری لنکا، آسٹریلیا، برازیل، جرمنی سمیت دیگر ممالک کے لیے ویزا فری کیا گیا ہے۔ تاہم اس فہرست میں بھارت، امریکہ، برطانیہ اور افغانستان شامل نہیں ہیں۔ نئی پالیسی کا اطلاق 15 اپریل سے ہو گیا ہے اور ان ممالک سے تعلق رکھنے والوں کو مخصوص وقت کے لیے پاکستان آنے پر ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی اور ایئرپورٹ پر ہی ویزا میسر ہوگا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ابتدائی طور پر اس پالیسی کے تحت زیادہ تر ممالک کو ایک سے 3 ماہ کا ویزا دیا جائے گا اور نئی پالیسی کے حوالے سے فارن مشن اور متعلقہ اداروں کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ویزا پالیسی میں تبدیلی کا اعلان کیا تھا۔ تاکہ سیاحت کو فروغ دیا جاسکے۔