دو برس میں پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا: عمران خان

  • اتوار 28 / اپریل / 2019
  • 5870

وزیراعظم عمران خان نے چین کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آئندہ ایک یا 2 سالوں میں ترقی کی وہ شرح حاصل کرلیں گے جس کے بارے میں ہم پہلے سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔

بیجنگ میں پاک چین تجارت اور سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ میں اور میرا وفد یہ محسوس کر رہا ہے کہ اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم نے پہلی مرتبہ چین کا دورہ کیا تھا تو وہ سی پیک کے لیے تھا اور یہ دورہ بہتر رہا تھا جس میں روڈ اور بجلی کے منصبوں سے متعلق معاہدے ہوئے تھے۔ چینی وفد سے ملاقات کے بعد میں یہ محسوس کر رہا ہوں کہ چین سے ذراعت اور ٹیکنالوجی میں ملنے والی مدد کی بدولت پاکستان آئندہ ایک یا 2 سالوں میں ترقی کی وہ شرح حاصل کرلے گا جس کے بارے میں پہلے کبھی نہیں سوچا گیا۔

پاکستان اور چین کے درمیان ریلوے سے متعلق ایم ایل ون معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت پشاور سے کراچی تک ریل گاڑیوں کے لیے ڈبل ٹریک بچھایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان اور چین کے وزیراعظم لی کی کیانگ نے معاہدے پر دستخط کیے۔ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ دورہ چین پر موجود وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اسے پاکستان ریلوے کے لیے ایک تاریخی دن قرار دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے چینی ہم منصب لی کیانگ اور چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات بھی کی ہے۔ یہ ملاقات گریٹ ہال میں ہوئی جہاں دونوں ممالک کے سربراہان کے ہمراہ ان کے وفود بھی موجود تھے۔

پاکستان اور چینی رہنماؤں کی بات چیت کا مرکز پاک چین اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ ہے جس کے حوالے سے چینی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف حکومت کی ترجیحات کے مطابق ایڈجسٹ کرنے پر رضا مندی کا اظہار کیا۔

سی پیک کے دوسرے مرحلے میں چین سماجی شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا جن میں تعلیم، صحت، ذراعت، پانی و آب پاشی، انسانی ترقی اور غربت کے خاتمے سے متعلق منصوبے شامل ہیں اور یہ سرمایہ کاری تقریباً ایک ارب ڈالر تک ہوگی۔

پاکستان اور چین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ  کے دوسرے مرحلہ میں دستخط کیے جائیں گے جس کے بعد چین پاکستانی مصنوعات کے لیے اپنی 90 فیصد مارکیٹ کھول دے گا۔