بھارتی انتخابات کے چوتھے مرحلے میں 9 ریاستوں کی 72 نشستوں پر پولنگ

  • سوموار 29 / اپریل / 2019
  • 8710

بھارت کے لوک سبھا کے 17 ویں انتخابات کے چوتھے مرحلے میں پولنگ جاری ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایک ارب 30 کروڑ آبادی والے ملک میں 6 ہفتوں پر محیط طویل انتخابات کے چوتھے مرحلے میں 9 ریاستوں کی 72 نشستوں پر ووٹنگ ہورہی ہے۔

بھارتی انتخابات کے چوتھے مرحلے میں 12 کروڑ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ آج کے انتخابات میں  بہار کی 5 ، مہاراشٹر کی 17 ، راجستھان کی 13 ، اترپردیش کی 13 ، اڑیسا کی 6 ، مدھیا پردیش کی 6 ، مغربی بنگال کی 8، جھارکھنڈ کی 3 اور بھارت کے زیر تسلط کشمیر کی ایک نشست پر انتخاب ہوگا۔

اس مرحلے سے متعلق کہا جارہا کہ یہ بھارتی وزیر اعظم کی جماعت کو بڑے ٹیسٹ کا سامنا ہے کیونکہ 2014 کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور ان کے اتحادیوں نے ان 72 نشستوں میں سے 56 پر کامیابی حاصل کی تھی اور یہی ان کے اقتدار میں آنے کی وجہ بنی تھی۔

بھارت میں ہونے والے انتخابات کے اس مرحلے کو اس لیے بھی زیادہ اہمیت حاصل ہے کیونکہ اس میں وہاں کے سب سے بڑے شہر ممبئی میں بھی انتخابات ہورہے ہیں، جس میں بھارت کے کچھ امیر ترین خاندان، بالی وڈ اسٹاز اور دیگر بھی اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ اپوزیشن پارٹی کانگریس کی جانب سے اٹھائے گئے نوکریوں کی کمی، کسان کے لیے نامناسب قیمتیں اور دیگر مسائل کی وجہ سے اس مرتبہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

11 اپریل سے شروع ہونے والے بھارت کے 17ویں عام انتخابات 7 مراحل میں ہورہے ہیں جو 19 مئی تک جاری رہیں گے۔ 23 مئی کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

ان عام انتخابات میں بھارت میں مجموعی طور پر 89 کروڑ 89 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ بھارتی انتخابات میں مرحلہ وار پولنگ کا پہلا سلسلہ 11 اپریل کو ہوا تھا، جس میں 20 ریاستوں اور وفاقی انتظامی علاقوں کی 91 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی تھی۔