ڈونلڈ ٹرمپ نے 10 ہزار جھوٹ بولنے کا ہدف حاصل کرلیا
- منگل 30 / اپریل / 2019
- 5810
ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کا صدر بنے 800 دن گزرنے پر امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس مدت میں انہوں نے دس ہزار جھوٹ بولنے کا ہدف حاصل کیا۔
اخبار کے ’حقائق پر نظر‘ کے ڈیٹا بیس نے ٹرمپ کے جھوٹے دعووں کو گننے کا آغاز 2017 میں کیا تھا۔ کاؤنٹر کے مطابق اب تک ڈونلڈ ٹرمپ نے اوسطاً روزانہ کی بنیاد پر 5 جھوٹے دعوے کئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ وعدے مختلف ریلیوں، ٹوئٹر، تقاریر یا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کئے۔
’میک امریکہ گریٹ اگین‘ یا (امریکہ کو دوبارہ عظیم بنائیں) کے نام سے ان کی ریلیوں میں انہوں نے سب سے زیادہ حقائق کے ساتھ کھلواڑ کیا۔ ان دعوؤں میں ایک اور اہم نکتہ یہ ہے کہ وہ جھوٹ بولنے کے لئے ایک ہی ہتکھنڈا استعمال کرتے ہیں۔ وہ بار بار ’فیک میڈیا‘ کا جھوٹ سامنے لانے کی بات کرتے ہوئے جھوٹا دعویٰ کرتے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر اعداد و شمار میں 10 ہزار جھوٹے دعوؤں سے آگے بڑھ چکے ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے گرین بے میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسقاط حمل کی حمایت کرنے والے ڈیموکریٹس پیدا ہونے والے بچوں کے قتل کی بھی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے اپنے مداحوں سے کہا کہ ’بچہ پیدا ہوجاتا ہے، ماں ڈاکٹر سے ملتی ہے، وہ بچے کو بہت پیار سے لپیٹتے ہیں اور فیصلہ کرتے ہیں کہ وہ بچے کو ماردیں یا نہیں‘۔
میڈیا کو ’عوام دشمن‘ قرار دینے کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ نے حقائق پر نظر رکھنے والوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’حقائق پر نظر رکھنے والے افراد میڈیا میں سب سے زیادہ بے ایمان ہیں‘۔