افغان سرحد سے پاک فوج پر دہشت گرد حملہ، 3 اہلکار شہید ہوگئے
- بدھ 01 / مئ / 2019
- 7640
سرحد پر باڑ لگانے میں مصرف پاک فوج کے جوانوں پر افغانستان سے ہونے والے دہشت گرد حملے میں 3 اہلکار شہید جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق تقریباً 60 سے 70 دہشت گردوں نے افغانستان میں اپنے بیس کیمپوں سے پاک فوج کے اہلکاروں پر حملہ کیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی جواب کارروائی کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ اس حملے میں 3 فوجی اہلکار شہید ہوئے جن میں لانس نائیک علی، لانس نائیک نذیر اور سپاہی امداد اللہ شامل ہیں۔ شمالی وزیرستان کے علاقے میں ہونے والے اس دہشت گرد حملے میں 7 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے حملہ اس وقت کیا گیا جب اہلکار سرحد پر باڑ لگانے میں مصرف تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ افغان سیکیورٹی فورسز اورحکام پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین کا استعمال روکیں۔ پاکستانی فوج سرحد پر باڑ لگارہی ہے تاکہ ان حملوں کا تدارک ہوسکے۔
آئی ایس پی آر نے عزم کا اظہار کیا کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود سرحد پر باڑ لگانے کا عمل جاری رہے گا۔