مسعود اظہرکو عالمی دہشت گرد قراردیا گیا، پاکستان اور بھارت کی طرف سے سفارتی کامیابی کے دعوے
- جمعرات 02 / مئ / 2019
- 6180
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تعزیراتی کمیٹی نے کالعدم تنظیم ’جیش محمد‘ کے سربراہ مسعود اظہر کا نام دہشت گردوں کی عالمی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے گزشتہ فروری میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تعزیراتی کمیٹی سے مسعود اظہر کو بلیک لسٹ کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔
اس پابندی کے بعد مسعود اظہر کے سفر پر پابندی ہوگی اور کی تمام جائیداد ضبط ہوجائے گی۔ ابتدا میں چین کی مخالفت کے باعث اس بارے میں حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا تھا۔ چین نے اس سے قبل 2016 اور 2017 میں بھی مسعود اظہر پر پابندی لگنے کے اقدام کو روک دیا تھا۔ ماضی میں چین کی مخالف کی وجہ سے مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کی چار کوششیں کامیاب نہیں ہو سکی تھیں۔
تاہم بدھ کو چین نے مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کی تجویز پر اپنے تکنیکی التوا کو ختم کر دیا، جس کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تعزیراتی کمیٹی نے مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا۔
مسعود اظہر کا نام اقوام متحدہ کے نامزد دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرانے کے لیے بھارت کو پلوامہ حملے میں ان پر الزام واپس لینا پڑا جسے پاکستان اپنی ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دے رہا ہے۔ کئی بھارتی لیڈروں نے بھی اس پر سوال اٹھائے ہیں۔ کشمیری رہنما اور مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایک ٹوئٹ میں اس جانب اشارہ کیا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اقوام متحدہ کے اس اقدام کو دہشت گردی کے خلاف بھارت کی ایک بڑی فتح قرار دیا ہے۔ دوسری طرف پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اقوام متحدہ کے اس اقدام کو پاکستان کی ایک بڑی سفارتی فتح قرار دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اصل میں یہ چین کی سفارتی کامیابی ہے جسے پاکستان اور بھارت اپنی اپنی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی طرف سے مسعود اظہر کو بلیک لسٹ کرنے کے بعد ان کے اثاثے منجد کرنے سمیت ان پر اسلحہ کی خرید و فروخت اور سفری پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ سے تعزیراتی کمیٹی کے تکنیکی معاملات کا احترام کیا ہے۔ تاہم ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ تعزیراتی کمیٹی کے پلیٹ فارم کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔
امریکہ نے اقوام متحدہ کی جانب سے مولانا مسعود اظہر کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کے اقدام کی تعریف کی ہے۔ قومی سیکورٹی کونسل کے ترجمان 'گیرٹ مارکس' کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ نے فروری میں بھارت کے علاقے پلوامہ حملے میں ملوث مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دیا ہے۔ امریکہ اس اقدام کی تائید کر تا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اس عمل سے پاکستان میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کی عالمی کوششوں کو فائدہ پہنچے گا۔ اس اقدام سے جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام آئے گا۔