دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے راست اقدامات کئے ہیں: امریکی اعتراف
- جمعہ 03 / مئ / 2019
- 5470
امریکہ نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کی روک تھام کے لیے راست اقدامات اٹھائے ہیں۔
ایک نیوز بریفنگ کے دوران امریکی عہدیدار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امریکہ، پاکستان کی اندرونی سیاست میں مداخلت نہیں کرنا چاہتا لیکن توقع کرتا ہے کہ ملک کی سول اور فوجی قیادت معاملات کو درست کرلے گی۔ رپورٹ کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ’ہم سویلین حکومت کی حمایت کرتے ہیں، ہم وہاں نوخیز جمہوری نظام کی حمایت کرتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کی حمایت کرتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان صحیح باتیں کررہے ہیں اور بظاہر پاکستان میں تبدیلی لانے کے لیے کوششیں کررہے ہیں ’لیکن صرف وقت ہی بتائے گا وہ ایسا کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں‘۔
عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج بھی ان تبدیلیوں کی حمایت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’اب تک ہم دیکھ رہے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان جس سمت گامزن ہیں فوج ان کی حمایت کررہی ہے‘۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ پاکستان نہ صرف درست باتیں کررہا ہے بلکہ راست اقدامات بھی اٹھائے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اس بات کو سراہتے ہیں کہ پاکستان صحیح بات کہہ رہا ہے اور ابتدائی طور پر وہ اقدامات بھی اٹھائے جس کی ہم توقع کررہے تھے لیکن ہم اپنے فیصلے کو محفوظ رکھیں گے کیوں کہ ماضی میں ہم نے پٹری سے اتر جانا بھی دیکھا ہے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ’اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کھل کر بات کرتے ہیں کہ ایک خوشحال پاکستان کے لیے خطے میں استحکام کتنا ضروری ہے جو ان کی انتخابی مہم کا ایک وعدہ بھی تھا‘۔
عہدیدار نے کہا کہ ’ہم پاکستان کی جانب سے دیے گئے ابتدائی بیانات اور ابتدا میں اٹھائے گئے کچھ اقدامات سے خاصے پر امید ہیں‘۔