پیپلز پارٹی نے صوبہ جنوبی پنجاب کا بل سینیٹ میں پیش کردیا

  • ہفتہ 04 / مئ / 2019
  • 10600

پاکستان پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لیے بل سینیٹ میں پیش کردیا ہے۔ اس میں ان نکات کو بھی شامل کیا گیا ہے جنہیں 2013 میں ایوان سے منظور کیا گیا تھا۔

سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے حکومت کے ابتدائی 100 روز میں ہی نئے صوبے کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ پیپلز پارٹی نے گزشتہ 8 ماہ سے حکومت کے اس وعدے کے وفا ہونے کا انتظار کیا تاہم دیگر جماعتوں کی حمایت کے ساتھ اس بل کو سینیٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔  

پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے حکومت کو پہلے سے پاس ہونے والے بل کو اپنا بل بنانے کی پیشکش کی تھی۔ تاہم حکومت کی جانب سے نہ ہی اس پیشکش پر جواب دیا گیا اور نہ ہی وہ اپنا بل ایوان میں پیش کرسکی۔  انہوں نے یاد دلایا کہ 2012 میں ایک کثیرالجماعتی پارلیمانی کمیشن تشکیل دیا گیا تھا جس نے اس معاملے پر بحث و مباحثے کے بعد ایک جامع رپورٹ تیار کی تھی۔

فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے جنوبی پنجاب سے 50 میں سے 30 پارلیمانی نشستوں پر سرائیکی صوبے کے قیام کے وعدے کی بنیاد پر ہی کامیابی حاصل کی ہے تاہم اب وہ خود ہی اس سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔

صوبہ جنوبی پنجاب میں ملتان، بہاولپور، ڈیرا غازی خان ڈویژن جبکہ میانوالی اور بھکر کے اضلاع شامل ہوں گے۔