رضا باقر آئی ایم ایف کے عہدے سے براہ راست پاکستان کے گورنر اسٹیٹ بنک بن گئے

  • اتوار 05 / مئ / 2019
  • 6490

حکومت نے ڈاکٹر رضا باقر کو گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان مقرر کردیا ہے۔ وزارت خزانہ نے ان کی تقرری  کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

ڈاکٹر رضا باقر کو 3 سال کےلئے گورنر اسٹیٹ بینک مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی مدت ملازمت کا آغاز عہدہ سنبھالنے کے دن سے ہوگا۔

وزارت خزانہ نے گورنر اسٹیٹ بینک کےلئے کئی شخصیات سے رابطہ کیا تھا تاہم ڈاکٹر رضا باقر کا نام فائنل کیا گیا۔

ڈاکٹر رضا باقر اس وقت مصر میں آئی ایم ایف کے سربراہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق نئے چیئرمین فیڈرل بیورو آف ریونیو (آف بی آر) کی تعیناتی کے لئے ڈاکٹر احمد مجتبیٰ کا نام فائنل کرلیا گیا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر کےلئے ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن اور جاوید غنی کے نام زیر غور تھے۔

ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن ایڈیشنل سیکریٹری فنانس ڈویژن تھے،ان کے چیئرمین ایف بی آر تعیناتی کا نوٹیفکیشن جلد متوقع ہے۔

گزشتہ روز اسٹیٹ بینک کے سربراہ طارق باجوہ سے استعفیٰ لے لیا گیا تھا۔ ایک بیان میں طارق باجوہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے حکومت کے ساتھ تصادم کی بجائے ملکی مفاد میں استعفی دیا ہے۔

طارق باجوہ کو سابق صدر ممنون حسین نے 7 جولائی 2017 کو 3 سال کے لیے اسٹیٹ بینک کا صدر بنایا تھا۔  ان کی مدت ملازمت جولائی 2020 میں ختم ہونا تھی۔