روسی مسافر طیارے میں آگ لگنے سے 41 مسافر ہلاک ہوگئے
- سوموار 06 / مئ / 2019
- 8110
روس کے میڈیا کے مطابق ایک مسافر جہاز میں آگ لگنے کے بعد اسے ماسکو کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔ اس سانحہ میں 41 مسافر ہلاک ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر دکھائی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہنگامی راستے سے نکلنے والی سلائیڈز کا استعمال کررہے ہیں۔ روس کی تاس نیوز ایجنسی کے مطابق مرنے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق طیارے میں 78 مسافر سوار تھے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ مسافر طیارے میں آگ کیسے لگی اور طیارے میں ہنگامی لینڈنگ کیوں کرنی پڑی۔ انٹر فیکس نیوز ایجنسی کے مطابق جہاز کے عملے نے ماسکو کے شیرمیٹیوو ہوائی اڈے سے روانگی کے تھوڑی ہی دیر بعد سخت خطرے کے سگنلز جاری کیے۔
ٹریکنگ کی ویب سائٹ فلائیٹ راڈار 24 سے حاصل ہونے والے ڈیٹا نے مسافر طیارے کے اڑان بھرنے کے 30 منٹ بعد اسے ہنگامی لینڈنگ کرنے کی تصدیق کی ہے۔ بلغاریہ کے سابق یورو ویژن مقابلے کے حریف کرسٹن کوسٹوف نے سوشل میڈیا پر اس واقعے کا مشاہدہ کرنے کے بارے میں پوسٹ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا ہوائی اڈے پر موجود افراد نے مسافر طیارے کو جلتا ہوا دیکھا جبکہ دیگر پروازیں بھی اڑان نہ بھر سکیں۔
سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے ویڈیو کلپس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سوخوئی سوپر جیٹ 100 جہاز کی ماسکو کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کے دوران اُس کا زیادہ تر پچھلا حصہ شعلوں کی لپیٹ میں تھا۔ جہاز کے زندہ بچ جانے والے 37 مسافروں کو ہنگامی سلائیڈز کے ذریعے اتار لیا گیا۔
ماسکو سے روس کے شمالی شہر مر مانسک جانے والے اس جہاز میں عملے کے علاوہ 78 مسافر سوار تھے۔ جہاز میں آگ لگنے کے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ تحقیقات کاروں کے مطابق ابھی جہاز کے اس حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔