پی ٹی آئی نے مریم نواز کو مسلم لیگ (ن) کا نائب صدر بنانے کا فیصلہ چیلنج کردیا

  • جمعرات 09 / مئ / 2019
  • 5860

پاکستان تحریک انصاف کے اراکین نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کو پارٹی کا نائب صدر بنانے کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باضابطہ درخواست جمع کروادی ہے۔

الیکشن کمیشن میں مریم نواز کی تعیناتی کے خلاف درخواست پی ٹی آئی کے وزرائے قومی اسمبلی فرخ حبیب، ملیکا علی بخاری، کنول شوذب اور جویریہ ظفر کی جانب سے جمع کروائی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کی درخواست میں مریم نواز کی بطور نائب صدر تقرر کے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے فیصلے کو آئین و قانون سے متصادم قرار دیا گیا ہے۔

درخواست میں ان تمام قانونی بنیادوں کو شامل کیا گیا جن کے تحت مریم نواز کسی بھی سیاسی و عوامی عہدے کے لیے نااہل ہیں اور اس میں عدالت کے فیصلوں کا تفصیلی ذکر بھی موجود ہے۔ الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی درخواست میں کہا گیا کہ احتساب عدالت نے رہنما (ن) لیگ کو عوامی عہدے کے لیے نااہل قرار دیا ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ پارٹی عہدہ نجی حیثیت کا حامل نہیں ہوتا۔ سیاسی جماعتوں کا پورے سیاسی نظام پر اثر ہوتا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا کہ پارٹی صدر کی عدم موجودگی میں مریم نواز قائم مقام صدر کے اختیارات استعمال کریں گی۔  اس میں مزید کہا گیا کہ سپریم کورٹ نوازشریف کو بھی پارٹی عہدے کے لیے نااہل قرار دے چکی ہے۔ اس طرح مریم نواز کو عہدہ رکھنے کی اجازت دینا نوازشریف کو اجازت دینے کے مترادف ہے۔

درخواست میں مطالبہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن مریم نواز کی بطور پارٹی نائب صدر تعیناتی کالعدم قرار دے۔