آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات ویک اینڈ پر جاری رہیں گے
- ہفتہ 11 / مئ / 2019
- 5100
اسلام آباد میں موجود آئی ایم ایف کی ٹیم کے ساتھ پاکستان کے مذاکرات اس ویک اینڈ پر بھی جاری رہیں گے۔ امید ہے کہ اتوار کی شام تک اس حوالے سے کوئی واضح پیغام سامنے آسکے گا۔
اس سے قبل امید تھی کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جمعہ کو معاہدہ فائنل ہوجائے گا اور آئی ایم ایف کا وفد پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر اس معاہدہ کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کرے گا۔ تاہم جمعہ کو پاکستانی حکام یا آئی ایم ایف کے وفد کے ارکان نے میڈیا سے بات کرنے سے گریز کیا۔
اس دوران آئی ایم ایف کے وفد کی واشنگٹن واپسی بھی مؤخر کردی گئی ہے۔ پاکستان کو آئی ایم ایف سے 6 سے 8 ارب ڈالر ملنے کی امید ہے تاہم اس کے لئے اسے کڑی شرائط پر عمل کرنا ہوگا جن میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ، پانچ ہزار ارب روپے کے ٹیکس اور محاصل کا ٹارگٹ اور شرح سود میں اضافہ جیسے اہداف شامل ہیں۔
ماہرین کا خیال ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط ماننے سے ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان آئے گا۔ تحریک انصاف کی حکومت کے لئے یہ ایک مشکل سیاسی فیصلہ ہوگا جس کے سنگین نتائج بھی سامنے آسکتے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس بارے میں بالواسطہ بات کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو فوری مہنگائی اور مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن حالات انشااللہ ٹھیک ہوجائیں گے اور ملک اس بحران سے سرخرو ہو کر باہر نکلے گا۔