بھارت میں انتخابات کے چھٹے مرحلے میں پولنگ جاری
- اتوار 12 / مئ / 2019
- 5140
بھارت میں لوک سبھا کے 17 ویں انتخابات کے چھٹے مرحلے میں دارالحکومت دہلی اور 6 ریاستوں کی 59 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔
ایک ارب 30 کروڑ آبادی والے ملک میں 6 ہفتوں پر محیط طویل انتخابات کے چھٹے مرحلے میں جاری ووٹنگ میں 10 کروڑ 17 لاکھ سے زائد افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے 483 پر ووٹنگ کا عمل مکمل ہوجائے گا جس کے بعد دیگر 60 نشستوں پر انتخابات کا ساتواں اور آخری مرحلہ 19 مئی کو ہوگا۔
انتخابات کے چھٹے مرحلے میں بھارتی دارالحکومت دہلی کے علاوہ بہار، ہریانہ، جھار کھنڈ، مدھیہ پردیش، اتر پردیش اور مغربی بنگال میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ لوک سبھا کے چھٹے مرحلے میں دہلی کی 7، اترپردیش کی 14، ہریانہ کی 10، بہار، مدھیہ پردیش اور مغربی بنگال کی 8 اور جھاڑکھنڈکی 4 نشستوں پر پولنگ ہورہی ہے۔
بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقوں پھول پور اور گورکھ پور کی نشستوں پر مقابلہ اہمیت کا حامل ہے جہاں بی جے پی کی حکومت کے باوجود گزشتہ برس ہونے والے ضمنی انتخابات میں بہوجن سماج پارٹی نے کامیابی حاصل کی تھی۔
دارالحکومت دہلی میں بی جے پی، عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے، جس میں سابق وزیر اعلیٰ شیلا ڈکشت، یونین منسٹر ہرش وردن، سابق اولمپیئن باکسر وجیندر سنگھ اور سابق کرکٹر گوتم گھمبیر مدمقابل ہیں۔
دہلی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور اس موقع پر پیراملٹری فورسز سمیت مجموعی طور پر 60 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
بھارتی انتخابات میں مرحلہ وار پولنگ کا آغاز 11 اپریل کو ہوا تھا۔