مودی نے بادلوں کی وجہ سے فضائی حملہ کی اجازت دی
- اتوار 12 / مئ / 2019
- 8000
بھارت کے وزیر اعظم کو بالاکوٹ حملہ کے حوالے سے ایک انٹرویو پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔ اس انٹرویو میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے اس حملہ کی اجازت موسم دیکھ کر کی تھی۔ ان کا خیال تھا کہ بادلوں کی وجہ سے پاکستانی راڈار بھارتی طیاروں کا سراغ نہیں لگا سکیں گے۔
اس بیان پر نریندر مودی لو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔ اس انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر ’انٹائر کلاؤڈ کور‘ یعنی پوری طرح بادل کے پردے میں ٹرینڈ کرنے لگا اور مرزا غالب سے مشابہ مرزا کلاؤڈی نام کا ایک شاعر بھی پیدا ہوگیا جس کا ایک شعر واٹس ایپ گروپ میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔
نریندر مودی کا یہ انٹرویو انڈیا کے ٹیکنالوجی کے قومی دن کے موقع پر ’نیوز نیشن‘ نامی چینل پر پیش کیا گیا۔ اس انٹرویو کے بعض حصوں کو وزیر اعظم مودی اور بی جے پی کے ہمنوا بہت سارے اکاؤنٹس نے بھی شیئر کیا تھا۔
بالاکوٹ ایئر سٹرائک کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا: 'میں نے نو بجے (ایئر سٹرائک کی تیاری کے بارے میں) ریویو کیا۔ پھر 12 بجے ریویو کیا۔ ہمارے سامنے مسئلہ تھا کہ اس وقت اچانک موسم خراب ہو گیا۔ بہت بارش ہوئی، میں حیران ہوا ابھی تک ملک کے اتنے بڑے پنڈت لوگ مجھے گالیاں دیتے ہیں ان کا دماغ یہاں نہیں چلتا۔ 12 بجےمیرے دل میں خیال آیا کہ اس موسم میں ہم کیا کریں۔ بادل ہے جا پائيں گے؟ نہیں جا پائيں گے اس وقت ایکسپرٹ کی رائے تھی کہ تاریخ بدل دیں۔'
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس وقت میرے ذہن دو خیال آئے۔ ایک سیکریسی کہ رازداری میں اگر ڈھیل ہوئی تو ہم کچھ کر ہی نہیں سکتے۔ دوسری بات یہ کہ میں ایسا شخص نہیں ہوں جو ان سب سائنس کو جانتا ہے۔ لیکن میں نے کہا اتنا کلاؤڈ ہے، بارش ہو رہی ہے تو ایک فائدہ ہے۔ کیا ہم ریڈار سے بچ سکتے ہیں۔ میں نے کہا کہ یہ میری سوچ ہے کہ بادلوں سے فائدہ بھی ہوسکتا ہے۔ سب الجھن میں تھے کہ کیا کریں۔ پھر بالآخر میں نے کہا اوکے، جایئے۔ پھر چل پڑے۔‘
انڈیا میں مسلمانوں کے رہنما کہلانے والے اسد الدین اویسی نے پی ایم او انڈیا کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا: ’سر سر آپ تو غضب کے ایکسپرٹ ہیں، سر گزارش ہے کہ چوکیدار ہٹا دیجیے اور ایئر چیف مارشل اور پردھان لکھیے۔۔۔ کیا ٹانک پیتے ہیں، آپ کے بٹوے میں ہر شعبے کا فارمولا ہے سوائے جاب، معیشت، صنعتی ترقی، زراعت کے مسائل کے۔‘
مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کے معروف رہنما سیتا رام یچوری نے ٹویٹ کیا: ’مودی کے الفاظ صحیح معنوں میں شرمناک ہیں۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ وہ ہماری فضائیہ کی بے عزتی ہیں کہ وہ ناواقف اور غیر پیشہ ور ہیں۔ حقیقت تو یہ ہے کہ وہ جو باتیں کر رہے ہیں وہ اپنے آپ میں ملک مخالف ہے۔ کوئی بھی وطن پرست ایسا نہیں کرے گا۔‘
کانگریس کے ایک ترجمان سلمان انیس سوز نے اپنے مختلف ٹویٹس میں کہا کہ ’شاید کسی نے وزیر اعظم کو راڈار کے کام کرنے کے نظام کے بارے میں نہیں بتایا۔ یہ قومی سلامتی کا بہت سنجیدہ معاملہ ہے۔ یہ ہنسنے کی بات نہیں ہے۔‘