گوادر حملہ پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچانے کیلئے کیا گیا:عمران خان

  • اتوار 12 / مئ / 2019
  • 4870

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ گوادر کے فائیو اسٹار ہوٹل پر ہونے والا حملہ پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے کے لیے کیا گیا۔

وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایسی مذموم کارروائیاں بالخصوص بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے اس علاقے کی ترقی اور یہاں جاری منصوبوں کو ثبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کے ایجنڈے کو ناکام بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

دوسری جانب پاکستان میں چینی سفارتخانے کی جانب سے بھی گوادر ہوٹل حملے کی شدید مذمت کی گئی۔ ایک پیغام میں چینی سفارتخانے نے گوادر میں ہوٹل پر ہونے والے حملے کو پسپا کرنے کے لیے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دلیرانہ کارروائی قابل تحسین قرار دیا۔  ترجمان چینی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے جرات مندانہ اقدام کو سراہتے ہیں اور حملے میں شہید سیکیورٹی گارڈ کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

گزشتہ روز صوبہ بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل ’پرل کانٹیننٹل‘ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی گارڈز شہید اور 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک مارے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ حملہ آور سیکیورٹی فورسز کی وردیوں میں ملبوس تھے۔  انہوں نے پہلے مرکزی گیٹ پر موجود سیکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔  پھر ہوٹل میں داخل ہوکر وہاں موجود لوگوں کو یرغمال بنالیا۔ دریں اثنا ہوٹل کی سیکیورٹی پر مامور گارڈز کی جانب سے مزاحمت دیکھنے میں آئی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔