دہشت گرد حملہ میں پی سی ہوٹل کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا
- سوموار 13 / مئ / 2019
- 4990
صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں 2 روز قبل ہونے والے دہشت گردی کے حملے کے دوران رات گئے تک جاری رہنے والے دھماکوں اور راکٹ داغے جانے کے باعث پرل کونٹی نینٹل ہوٹل کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ہوٹل کی چوتھی منزل تباہ ہوچکی ہے کیونکہ حملہ آوروں نے اس منزل کے داخلی مقامات پر دھماکا خیز ڈیوائسز نصب کی تھیں اور راکٹ بھی داغے تھے۔ گراؤنڈ فلور اور دیگر 3 منزلیں بھی سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان مقابلے میں تباہ ہوئیں۔
گوادر کے رہائشی عبدالرحیم بلوچ نے ڈان کو بتایا کہ ’ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب گولیوں اور دھماکوں کی آوازیں رات کی خاموشی میں گونج رہی تھیں جو علی الصبح تک جاری رہیں‘۔
حملے کے بعد گوادر کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے اور چائینیز پورٹ ہینڈلنگ کمپنی کے ملازمین اور پاک چین اقتصادی راہداری کے مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے دیگر افراد کی حفاظت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی حکام اور مقامی انتظامیہ نے گوادر کے کئی مقامات پر پولیس، انسداد دہشت گردی فورس، لیویز فورس، فرنٹیئر کور کے مزید اہلکار تعینات کیے ہیں جبکہ پیٹرولنگ میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔
گوادر پورٹ اور دیگر اہم مقامات پر جانے والے راستے تاحال بند ہیں اور کسی کو انہیں استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔