حکومت میڈیا اور صحافیوں کے مسائل حل کرے گی: وزیراعظم کی یقین دلانی

  • جمعہ 17 / مئ / 2019
  • 4600

وزیر اعظم نے میڈیا کے مسائل حل کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت تمام اداروں میں اصلاحات متعارف کروانا چاہتی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت میڈیا انڈسٹری کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے. جب میڈیا کا ورکر پریشان ہوتا ہے تو اس کا اثر پورے معاشرے پر پڑتا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پرہم میڈیا ورکرز کو بھی ہیلتھ انشورنس میں حصہ دار بنا رہے ہیں۔ تمام صحافی تنظیموں اور پریس کلب سے مشاورت کرکے ان سے میڈیا ورکرز کی فہرست حاصل کررہے ہیں۔

اس کے ساتھ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی سستا گھر اسکیم میں بھی صحافیوں کو حصہ دینے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنے کا اعلان کیا۔

دورانِ گفتگو انہوں نے اپوزیشن کو تصادم کے بجائے بیٹھ کر اقتصادی چیلنجز سے نکلنے کے لیے معاشی اصلاحات کے پروگرام کے طویل مدتی ایجنڈے کی تشکیل کی دعوت بھی دی۔  ان کا کہنا تھا کہ اداروں کو اپنا کام کرنے دیں۔ پارلیمنٹ میں بیٹھ کر ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں کیوں کہ عوام پارلیمنٹ سے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے وزارت اطلاعات و نشریات کو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے واجبات کی عید الفطر سے قبل ادائیگی کے لیے اقدامات کرنے کے احکامات بھی دیے ہیں۔ پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کے واجبات کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے وزارت اطلاعات کو اس سلسلے میں آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی(اے پی این ایس)، پاکستان براڈ کاسٹرز ایسو سی ایشن (پی بی اے) کے مشاورت کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوش عاشق اعوان، معاون خصوصی برائے میڈیا یوسف بیگ مرزا، وزیراطلاعات پنجاب صمصام بخاری، سینیٹر فیصل جاوید اور وزیراعظم کے سیکریٹری نے شرکت کی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم کو میڈیا انڈسٹری کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں پی بی اے اور اے پی این ایس کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور وزیراعظم نے فردوس عاشق اعوان کو ذاتی طور پر اس سارے عمل کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت آئین اور آزادی اظہار رائے کے حق پر مکمل یقین رکھتی ہے اور ملک میں ذمہ دارانہ اور آزادانہ صحافت کا فروغ جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت میڈیا انڈسٹری سے وابستہ افراد کی مشکلات سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ان کے مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے اس کے ساتھ انہوں نے وزارت اطلاعات کو یہ بھی ہدایت کی کہ میڈیا کے ذریعے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کی ترویج کریں۔