لاڑکانہ میں ایڈز وائرس: کم عمر بچوں کی بڑی تعداد متاثر ہوئی
- ہفتہ 18 / مئ / 2019
- 6440
صوبہ سندھ کے علاقوں رتو ڈیرو اور لاڑکانہ میں اب تک سامنے آنے والے 534 ایچ آئی وی کیسز میں 2 سے 5 سال اور 6 سے 15 سال کی عمر کے بچے سب سے زیادہ متاثر ہوئے اور ان میں بھی سب سے زیادہ تعداد لڑکیوں کی ہے۔
اب تک ایچ آئی وی ایڈز سے متاثر ہونے والے کم عمر ترین بچے کی عمر ایک ماہ جبکہ سب سے بڑی عمر کے شخص کی عمر 70 سال ہے۔ فیلڈ ایپی ڈیمالوجی اور لیبارٹری ٹیم نے یہ رپورٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز سندھ حیدر آباد کو جمع کروائی ہے۔ رپورٹ میں عطائی ڈاکٹروں، غیر منظور شدہ لیبارٹریز اور بلڈ بینکس کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 25 اپریل سے 16 مئی تک کُل 14 ہزار 810 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا جس میں ایچ آئی وی کے 534 کیسز پائے گئے جن میں 49.4 فیصد مرد جبکہ 50.6 فیصد خواتین شامل ہیں۔
عمر کے لحاظ سے ایچ آئی وی انفیکشن سے متاثر ہونے والوں کی درجہ بندی میں 2 سے 5 سال کی عمر کے بچے (55.05 فیصد)، 6 سے 15 سال کی عمر کے (18.7 فیصد)، 15 سے 45 سال کی عمر کے (16.4 فیصد) اور 46 سے زائد عمر کے 2.4 فیصد افراد متاثر ہوئے۔
اب تک کیے گئے حکومتی اقدامات کے بارے میں رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایس اے سی پی نے رتو ڈیرو تعلقہ ہسپتال میں ایک اسکریننگ کیمپ لگایا جبکہ شیخ زید چلڈرن ہسپتال لاڑکانہ میں ایچ آئی وی/ایڈز کے علاج کا سینٹر قائم کیا گیا۔
علاوہ ازیں محکمہ صحت اور ہیلتھ کیئر کمیشن سندھ نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے غیر منظور شدہ لیبارٹریز اور بلڈ بینکس بھی بند کروادیے۔