بھارت میں حکمران بی جے پی واضح اکثریت سے جیت رہی ہے

  • جمعرات 23 / مئ / 2019
  • 5630

بھارت کے انتخابات میں لوک سبھا کے 17ویں انتخابات میں نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی  واضح برتری کے ساتھ لگاتار دوسری مرتبہ کامیاب ہورہی ہے۔

بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے اب تک کے سرکاری نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کو 294 نشستوں پر برتری حاصل ہے جبکہ اپوزیشن جماعت کانگریس 50 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ ' بھارتیہ جنتا پارٹی کو عظیم کامیابی سے ہمکنار کروانے پر نریندر مودی کی مشکور ہوں'۔ ٹی وی چینلز کی جانب سے انتخابات میں بی جے پی کی واضح برتری کے اعلان کے بعد بڑی تعداد میں حامیوں نے دہلی ہیڈکوارٹرز سمیت بھارت کے مختلف شہروں میں کامیابی کا جشن منانا شروع کردیا ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان کے مطابق ' یہ مثبت سیاست اور نریندر مودی کی پالیسیوں کے لیے بڑا مینڈیٹ ہے'۔ انہوں نے کہا کہ ' یہ بھارت کے لیے بڑی کامیابی ہے، ہم اس کامیابی سے بہت خوش ہیں'۔

دوسری جانب کانگریس ترجمان سلمان سوز نے کہا کہ ' یہ سب یقیناً ہمارے حق میں نہیں ہے، ہمیں حتمی نتائج کا انتظار کرنے کی ضرورت ہے لیکن یہ سب اچھا نہیں ہے'۔

خیال رہے کہ بھارتی نشتریاتی ادارے حالیہ انتخابات میں نریندر مودی کے اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کی واضح فتح کا اعلان کرچکے ہیں۔ بھارت میں انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کا آغاز  جمعرات کی صبح کو ہوا تھا اور شام میں ہی حتمی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق لوک سبھا کی 542 نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی  کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس 339 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ پہلے اور کانگریس 91 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق بی جے پی نے چھتیس گڑھ میں لوک سبھا کی 11 میں سے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ کانگریس صرف 2 نشستیں حاصل کرسکی۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس ہونے والے ریاستی انتخابات میں حکمران جماعت کو کانگریس کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا ہوا تھا۔

اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے لوک سبھا کی 80 میں سے 57 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ بہوجن سماج پارٹی کا اتحاد 22 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر اور کانگریس نے صرف ایک نشست حاصل کی۔ بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر وارانسی سے نریندر مودی 2 لاکھ کے قریب ووٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ کانگریس کے اجے رائے دوسرے نمبر پر ہیں۔

گجرات میں بی جے پی نے لوک سبھا کی 26 میں سے 25 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی جبکہ کانگریس صرف ایک نشست حاصل کرسکی۔ الیکشن کمیشن کے غیرحتمی نتائج کے مطابق پنجاب میں لوک سبھا کی 13 نشستوں میں سے کانگریس 8 نشستیں حاصل کرکے پہلے نمبر پر ہے جبکہ شیرومانی اکالی دل اور بی جے پی نے دو دو  نشستییں حاصل کیں۔

بی جے پی کو گرداس پور اور ہوشیار پور کی نشستوں پر برتری حاصل ہے جبکہ عام آدمی پارٹی کو سنگرور کی نشست پر برتری حاصل ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں حکومت بنانے کے لیے 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور مقامی میڈیا کے مطابق بی جے پی کے اتحاد نے 344 نشستیں حاصل کرلی ہیں۔ بھارت میں عام انتخابات کا انعقاد 7 مراحل میں 11 اپریل سے 19 مئی تک ہوا تھا اور  23 مئی کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔