کوئٹہ میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکہ، 3 افراد جاں بحق 25 زخمی

  • جمعہ 24 / مئ / 2019
  • 6680

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے پشتون آباد کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کے نیتجے میں 2  افراد جاں بحق اور25 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

دھماکہ نمازِ جمعہ کے وقت ہوا جس کے بعد لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو فوری طور پر کوئٹہ کے سول ہسپتال منتقل کرنا شروع کردیا۔ دھماکہ اتنا شدید  تھا کہ پورا علاقہ لرز اٹھا۔  حکام نے دھماکے کی نوعیت کے بارے میں ابھی تک کچھ نہیں بتایا۔

دھماکے کے فوری بعد ریسکیو اہلکار اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور سیکورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لےکر شواہد اکٹھے کرلیے۔ مسجد میں ہونے والے دھماکے پر اعلیٰ حکومتی اور سیاسی شخصیات نے مذمت کرتے ہوئے دکھ کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کے لیے دعائے صحت کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور زخمیوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ مبارک ماہ کے مبارک دن بے گناہ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے سخت سزا کے مستحق ہیں۔  وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہر بھر میں سیکیورٹی اقدامات کو مذید موثر بنانے کی ہدایت کی۔

خیال رہے کہ 6 مئی کو ماہ رمضان کے آغاز سے اب تک ملک میں ہونے والا دہشت گردی کا یہ پانچواں واقعہ ہے۔

اس سے قبل 13 مئی کو کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مِنی مارکیٹ میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید اور 2 اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوئے تھے۔