سعودی عرب کی طرف سے قطر کو بات چیت کی دعوت

  • سوموار 27 / مئ / 2019
  • 5740

قطر کے مطابق اسے سعودی عرب کی جانب سے خطے کے حوالے سے منعقد ہونے والے ہنگامی اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے جس میں ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان نے مشرق وسطیٰ کے رہنماؤں اور عرب لیگ کے اراکین کو 30 مئی کو مکہ میں منعقدہ ہنگامی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ لیکن اس میں یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ اس میں قطر کو بھی شرکت کے لیے دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔

یہ واضح نہیں ہوسکا کہ قطر، جس پر ایران سے تعلق اور دہشت گردوں کی حمایت کے الزامات کے بعد متعدد عرب ممالک نے تعلقات منقطع کرلیے تھے، کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ دوحہ نے ابتدائی طور پر کہا تھا کہ انہیں دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق قطر حکومت کے اطلاعات کے عہدیدار نے ایک  بیان میں بتایا ہے کہ قطر کے امیر کو وہ خط ملا تھا، جس میں حکومت کو حالیہ کشیدگی پر بات چیت کے لیے شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ دعوت نامہ وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی کو جی سی سی کے جنرل سیکریٹری نے ملاقات کے دوران دیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل الثانی نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا مطالبہ کیا تھا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان جاری تنازع کو حل کیا جاسکے۔

سعودی عرب کی سربراہی میں متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر سمیت چند عرب ممالک نے جون 2017 میں قطر سے سفارتی قطع تعلق کرتے ہوئے تمام تعلقات معطل کیا تھا اور اپنے ملک میں قطری شہریوں کے داخلے پربھی پابندی عائد کی تھی۔