ٹرمپ جاپان کی ثالثی میں ایران سے مذاکرات کے لیے آمادہ

  • سوموار 27 / مئ / 2019
  • 4930

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ تنازعے میں جاپان کی ثالثی پر انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ ٹرمپ کے بقول وہ جانتے ہیں کہ جاپانی وزیر اعظم شنزے ایب کے ایرانی قیادت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

صدر ٹرمپ ان دنوں چار روزہ سرکاری دورے پر جاپان میں موجود ہیں۔ دورے کے دوران وائس آف امریکہ کے سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ جاپان کے وزیر اعظم ایران کے موضوع پر ان سے بات کر چکے ہیں۔ صدر کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ ایران بات کرنا چاہے گا اور اگر ایران بات چیت پر تیار ہو گا تو ہمیں بھی اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ دیکھیں اب کیا ہوتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے پیر کو جاپان کے وزیر اعظم سے ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں نے مشترکہ نیوز کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکہ نے ایران سے تیل درآمد کرنے والے ممالک کا استثنیٰ ختم کرتے ہوئے اس پر مزید اقتصادی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

جواب میں ایران نے بھی 2015 میں یورپی ممالک اور امریکہ کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے سے الگ ہو کر یورینیم کی افزودگی دوبارہ شروع کرنے کی دھمکی دی تھی۔ امریکہ کا ایران پر الزام ہے کہ وہ خطے میں امریکی مفادات کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ امریکہ نے رواں ماہ خلیج عمان میں دو سعودی آئل ٹینکرز سمیت چار تیل بردار جہازوں میں ہونے والی تخریب کاری کا الزام بھی ایران پر عائد کیا تھا۔