عمران خان ناکام وزیر اعظم ہیں، اداروں کے پیچھے چھپتے ہیں: مریم

  • منگل 28 / مئ / 2019
  • 5210

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سیاسی حریف وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ جو خود ہر فیصلے کے لیے کسی کے اشاروں کا متنظر ہو، وہ ہمیں کیا این آر او دے گا۔

لاہور میں  یوم تکبیر کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ملک و قوم کا محسن اور دنیا کے نقشے پر پاکستان کو ایٹمی ملک بنانے والا سابق وزیراعظم نواز شریف کوٹ لکھپت جیل میں قید ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’نالائق اعظم کی جعلی حکومت ہے اس لیے بیرون ملک کے سربراہان دورے نہیں کرتے‘۔

مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اداروں کے پیچھے چھپنے کے بجائے میدان میں آکر مقابلہ کریں۔ ہم نے این آر او نہیں مانگا لیکن جو ہر بات پر کسی کے اشارے کا منتظر ہو، وہ کسی کو کیا این آر او دے گا۔  لیگی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو 6 ارب ڈالر کے عوض عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ہاتھوں گروی رکھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ’آج ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی ہے، اسٹاک مارکیٹ گر رہی ہے، روپے کی قدر میں کمی اور مہنگائی میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے‘۔  نواز شریف نے 28 مئی 1998 میں 6 دھماکے کرکے پاکستان کو دفاعی محاذ پر ناقابل تسخیر بنا دیا اور امریکی کی جانب سے 5 ارب ڈالر کی آفر مسترد کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے جرات مندانہ فیصلے نے قوم کی تقدیر ہمیشہ کے لیے بدل دی۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف ردالفساد میں بطور وزیراعظم سیکیورٹی فورسز کے ہمراہ کھڑے تھے۔ یہ کیسی جمہوری حکومت ہے جس نے سیکیورٹی اداروں کو اکیلا چھوڑ دیا۔  انہوں نے کہا کہ نواز شریف علیل ہیں لیکن ملک اور قوم کی خاطر کوٹ لکھپت جیل میں موجود ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ آج بھارتی وزیراعظم، عمران خان کا فون نہیں اٹھاتے۔