وزیراعظم عمران خان او آئی سی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے

  • منگل 28 / مئ / 2019
  • 5960

سعودی عرب کے شہر مکہ میں ہونے والی اسلامی تعاون تنظیم  کی سربراہی کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان پاکستانی وفد کی سربراہی کریں گے۔ سعودی فرماں روا سلمان بن عبدالعزیز نے او آئی سی کے سربراہی کانفرنس میں 57 ممبر ممالک کو مدعو کیا ہے۔

رپورٹ میں  بتایا گیا کہ دو روزہ سربراہی کانفرنس میں مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کو مضبوط بنانے، مسلم امہ کو درپیش مسائل اور خلیج عرب میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر گفتگو کی جائے گی۔  مذکورہ سربراہی کانفرنس کا چوتھا سیشن مکہ میں منعقد ہوگا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وہ او آئی سی کے وزائے خارجہ کے کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے جارہے ہیں۔  شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس اجلاس کے دوران ایران اور خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر بات چیت کی جائے گی جبکہ اس دوران پاکستان بھی اپنا نقطہ نظر پیش کرے گا۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ وہ اپنے دورے کے دوران دیگر اسلامی ممالک کے وزائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ او آئی سی کے جنرل سیکریٹری سے بھی ملاقات ہوگی۔  انہوں نے بتایا کہ کشمیر سے متعلق گروپ کا سیشن منعقد ہونے کی بھی توقع ہے۔

ایران کی جانب سے ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کیا وہ اس سربراہی اجلاس میں شرکت کرے گا یا نہیں۔ تاہم سعودی عرب کو اپنے روایتی حریف کے خلاف مسلم ممالک کا اتحاد بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ خطے میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے باوجود سعودی عرب رواں ہفتے عرب لیگ اور گلف کارپوریشن کونسل (جی سی سی) کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔