شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کا ایک اور حملہ، سپاہی شہید

  • ہفتہ 01 / جون / 2019
  • 5140

شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی پیٹرولنگ گاڑی پر فائرنگ اور بم حملے کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں کیا گیا۔ حملے میں 26 سالہ سپاہی امل شاہ شہید ہوگئے۔

بیان میں بتایا گیا کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران علاقے میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں 5 اہلکار شہید اور 31 زخمی ہوچکے ہیں۔ مذکورہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے تانے بانے 26 مئی کو خڑکمر چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے سے ملتے ہیں۔

26 مئی کو پاک فوج کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں بویا سیکیورٹی چیک پوسٹ پر ایک گروہ نے محسن جاوید داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق خڑکمر چیک پوسٹ پر حملے کا مقصد ایک روز پہلے گرفتار کیے جانے والے مبینہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو چھڑوانے کے لیے دباؤ ڈالنا تھا۔

خیال رہے کہ چیک پوسٹ پر براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے اور 10 زخمی ہوئے تھے۔