ورلڈ کپ: پاکستان نے انگلینڈ کو 349رنز کا ہدف دے دیا
- سوموار 03 / جون / 2019
- 4670
پاکستان نے ورلڈ کپ میں اپنے دوسرے میچ میں انگلینڈ کو فتح کے لیے 349رنز کا ہدف دیا ہے۔
ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج میں کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
انگلینڈ کی دعوت پر پاکستان بلے بازوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ لیکن 82 کے مجموعی اسکور پر اسپنر معین علی نے 36 رنز بنانے والے فخر زمان کو اسٹمپ آؤٹ کردیا۔ بابر اعظم اور امام الحق نے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی تاہم 111 کے اسکور پر 44 رنز بنانے والے امام الحق بھی معین علی کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔
بابر اعظم اور محمد حفیظ نے ٹیم کو 88 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی اور 199 کے اسکور پر بڑا شاٹ کھلیتے ہوئے بابر اعظم 63 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد حفیظ کا ساتھ دینے کپتان سرفراز احمد آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 59 گیندوں پر 80رنز کی شراکت قائم کی۔
حفیظ 62 گیندوں پر 84رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ آصف علی کی اننگز 14رنز پر تمام ہوئی۔ کپتان سرفراز احمد نے 44 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیلی اور کرس ووکس کی گیند پر انہیں کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ وہاب ریاض کی اننگز ایک چوکے تک محدود رہی۔
شعیب ملک بھی کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے لیکن اختتامی اوورز میں حسن علی اور شاداب نے ،جموعی اسکور 348 تک پہنچایا۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 348رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور کرس ووکس نے تین، تین جبکہ مارک وڈ نے دو وکٹیں لیں۔