وزیراعظم کے لیے اژدھے کی کھال سے چپل تیار کرنے والا دکاندار گرفتار
- سوموار 03 / جون / 2019
- 5550
وزیر اعظم عمران کے لیے سانپ کے چمڑے سے چپل تیار کرنے والے دکاندار کو ماحولیاتی قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار کرکے وزیر اعظم کے لئے تیار کی جانے والی چپل قبضے میں لے لی گئی ہے۔
پشاور میں مشہور چپل ساز چچا نورالدین کی دکان کپتان چپل میکر پر محکمہ وائلڈ لائف نے چھاپہ مارکر عمران خان کے لیے بنائی گئی خصوصی چپل قبضے میں لے لی۔ خبروں کے مطابق عمران خان کے ایک مداح نعمان نے خصوصی چپل کی تیاری کے لیے امریکہ سے اژدھے کی کھال بھجوائی تھی تاکہ عمران خان کو عید کا تحفہ دیا جاسکے۔
منفرد چپل کے سوشل میڈیا پر چرچے کے بعد محکمہ جنگلی حیات حرکت میں آیا اور کارروائی کرتے ہوئے چپل تحویل میں لے کر لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے لاہور بھجوادی ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا تھا کہ اژدھے کی کھال ثابت ہونے پر چپل ضبط اور دکاندار پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں نسل معدوم ہونے کی وجہ سے اژدھے کی کھال بیچنے اور خریدنے پر پابندی عائد ہے ۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی چچا نور الدین نے عمران خان کے لیے خصوصی چپلیں تیار کی تھیں۔
2018 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کی برتری پر انہوں نے عمران خان کے لیے مختلف رنگوں کے 5 'کپتان چپل' کے جوڑے تیار کیے تھے۔ چپل ساز چچا نور الدین نے عمران خان سے حلف برداری کے دن 'کپتان چپل' پہننے کی بھی فرمائش کی تھی۔