ورلڈ کپ میں پاکستان کی پہلی کامیابی، انگلینڈ کو 15 رنز سے ہرا دیا

  • سوموار 03 / جون / 2019
  • 5940

پاکستان نے ورلڈ کپ میں اپنے دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 15رنز سے شکست دے دی ہے۔  ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج میں کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

پاکستان بلے بازوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ اور انگلینڈ کو جیتنے کے لئے 349 رنز کا ہدف دیا۔ انگلینڈ کی ٹیم نے جوابی اننگز میں تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن مقررہ ااورز میں ہدف پورا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

 پاکستان کی پہلی وکٹ 82 کے اسکور پر گری جب اسپنر معین علی نے 36 رنز بنانے والے فخر زمان کو اسٹمپ آؤٹ کردیا۔  بابر اعظم اور امام الحق نے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی تاہم 111 کے اسکور پر 44 رنز بنانے والے امام الحق بھی معین علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم اور محمد حفیظ نے ٹیم کو 88 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی اور 199 کے مجموعی اسکور پر بڑا شاٹ کھلیتے ہوئے بابر اعظم 63 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔  حفیظ کا ساتھ دینے کپتان سرفراز احمد آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 59 گیندوں پر 80رنز کی شراکت قائم کی۔

حفیظ 62 گیندوں پر 84رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ آصف علی کی اننگز 14رنز پر تمام ہوئی۔ کپتان سرفراز احمد نے 44 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہاب ریاض کی اننگز ایک چوکے تک محدود رہی۔

شعیب ملک بھی کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے لیکن اختتامی اوورز میں حسن علی نے چند جارحانہ شاٹس کھیل پاکستان کو 349رنز تک رسائی دلائی۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 348رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور کرس ووکس نے تین، تین جبکہ مارک وڈ نے دو وکٹیں لیں۔

انگلینڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو تیسرے ہی اوور میں جیسن روئے سویپ کھیلنے کی کوشش میں شاداب کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔ نئے بلے باز جو روٹ نے جونی بیئراسٹو کے ساتھ مل کر اسکور کو 60 تک پہنچایا لیکن اسی مرحلے پر وہاب کی گیند پر اوپننگ بلے باز 32رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

اسکور 85 تک پہنچا ہی تھا کہ محمد حفیظ نے قیمتی وکٹ حاصل کرتے ہوئے انگلش کپتان آئن مورگن کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ بین اسٹوکس اور روٹ نے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ کی اننگز تین رنز سے آگے نہ بڑھ سکی اور وہ صرف تین رنز بنا کر شعیب ملک کو وکٹ دے بیٹھے۔

118 رنز پر4 وکٹیں گرنے کے بعد روٹ کا ساتھ دینے بٹلر آئے اور دونوں کھلاڑی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا جبکہ اس دوران انگلینڈ کا رن ریٹ بھی 6 سے کم نہ ہونے دیا۔ روٹ اور بٹلر 130رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے انگلینڈ کو میچ میں واپس لے آئے اور جو روٹ نے شاندار سنچری اسکور کی۔ تاہم سنچری کے فوراً بعد وہ شاداب خان کی بال پر آؤٹ ہوگئے۔  انہوں نے 107رنز بنائے۔

دوسرے اینڈ سے جوز بٹلر نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے محمد عامر کو چوکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی لیکن اگلی گیند پر اسی کوشش میں وہ وہاب ریاض کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 2 چھکوں اور 9چوکوں کی مدد سے 103رنز بنائے۔

کرس ووکس اور معین علی نے کچھ جارحانہ شاٹس کھیلے لیکن وہاب ریاض نے یکے بعد دیگرے دو کھلاڑی آؤٹ کرکے پاکستان کی فتح کے امکانات روشن کر دیے۔ اگلے ہی اوور میں جوفرا آرچر بھی عامر کی گیند پر وہاب کے ہتاھوں کیچ  ہوگئے۔ انگلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 333رنز بنا سکی اور پاکستان نے میچ 15رنز سے جیت لیا۔