آئیں متحد ہوکر ملک کو معاشی بحران سے نکالیں: وزیراعظم

  • بدھ 05 / جون / 2019
  • 5790

وزیراعظم عمران خان نے عید الفطر کی نماز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اپنے رہائشی علاقے بنی گالہ میں قائم مسجد میں ادا کی۔

اس موقع پر ان کے سیکیورٹی اسٹاف اور دیگر ملازمین نے بھی وزیراعظم کے ساتھ نماز کی ادائیگی کی۔ نماز کے بعد وزیراعظم نے لوگوں سے عید ملے اور انہیں مبارک باد دی۔

ایک ٹوئٹ پیغام میں عمران خان نے کہا کہ سب پاکستانیوں کو عید مبارک، آئیں ہم ایک قوم کی طرح متحد ہو کر معاشی بحران پر قابو پانے کی کوشش کریں تاکہ معاشرے کے غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ پڑے۔ وزیراعظم نے ایک اور ٹوئٹ میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں لوڈ شیڈنگ نہ ہونے پر وزیر توانائی کو مبارک باد دی۔

انہوں نے کہا کہ ’ وزیر توانائی عمر ایوب اور سیکریٹری عرفان علی کو بجلی چوری اور اس کی فراہمی میں موجود رکاوٹیں دور کرنے پر مبارک باد دیتا ہوں، جس کی وجہ سے پہلی مرتبہ شہریوں کو لوڈ شیڈنگ فری رمضان گزارنے کی سہولت حاصل ہوئی‘۔

عید الفطر کے موقع پر عوام کو خصوصی پیغام دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ضرورت مندوں اور غریبوں کو خوشیوں میں شریک کریں۔ ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرکے ہی عید کی حقیقی خوشیوں سے لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔