ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی
- بدھ 05 / جون / 2019
- 8450
ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ اس سلسلے مساجد، عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد کیے گئے۔
نماز عید کے اجتماعات میں پاکستان کی ترقی، سلامتی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع پولو گراؤنڈ میں ہؤا جہاں گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، میئر کراچی وسیم اختر ، ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی، عامر خان، دیگر جماعتوں کے قائدین اور غیر ملکی سفارتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 4 ہزار سے زائد مقامات پر نماز عید ادا کی گئی جس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ لاہور کے باغ جناح میں عید کا پہلا بڑا اجتماع صبح 6 بجے منعقد ہوا، نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں منعقد ہوا، جس میں گورنر پنجاب سرور چوہدری سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جبکہ شہر کے دیگر مقامات پر بھی مختلف چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے۔
کوئٹہ میں مجموعی طور پر عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ میٹروپولیٹن گراؤنڈ میں نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع منعقد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز عید کے موقع پر کوئٹہ میں سیکیورٹی کےسخت انتظامات کیے گئے اس موقع پر شہر بھر میں 4 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
وزیراعظم عمران خان نے نماز عیدالفطر اسلام آباد میں بنی گالہ میں ادا کی جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عیدالفطر کی نمازپولیس لائنز میں ادا کی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں عید کی نماز ادا کی۔ ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی تھے۔ سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے نماز عید الفطر زرداری ہاؤس اور رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ نے منزل گاہ گراؤنڈ میں نماز عیدالفطر ادا کی۔
خیبر پختونخوا میں آج پشاور، مالا کنڈ، ہزارہ اور ڈیرہ اسمٰعیل خان کے مختلف علاقوں میں عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔ پشاور میں مرکزی اجتماع سنہری مسجد پشاور میں منعقد ہوا۔ گورنر کے پی شاہ فرمان نے عید کی نماز ایبٹ آباد کے علاقے نتھیا گلی میں کی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے بھی مختلف شعبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کی اور عید کی مبارک باد دی۔ صوبے بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے 4 جون بروز منگل کو سرکاری طور پر عید منانے کا اعلان کیا تھا۔