شہباز شریف 8 جوں کو وطن واپس آئیں گے
- جمعرات 06 / جون / 2019
- 6780
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف 8 جون کو پاکستان واپس آرہے ہیں۔
شہباز شریف کے قریبی ذرائع نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ اپوزیشن لیڈر کے اسٹاف ممبر نے بتایا کہ شہباز شریف ممکنہ طور پر ہفتے کو پاکستان واپس پہنچیں گے۔ اس حوالے سے شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں اعلان بھی کیا ہے۔ مختصر ٹوئٹر پیغام میں سلیمان شہباز کا کہنا تھا کہ ’میاں شہباز شریف انشا اللہ 8 جون کو وطن واپس پہنچیں گے‘۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے 11 جون کو آئندہ مالی سال 19-2020 کا بجٹ پیش کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔ اس سے قبل شہباز شریف کے وکیل نے لاہور کی احتساب عدالت کو بتایا تھا کہ ان کے موکل 11 جون تک وطن واپس لوٹیں گے۔
خیال رہے کہ شہباز شریف، لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے جانے کے حکم کے بعد 9 اپریل کو لندن روانہ ہوگئے تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ وہ 10 سے 12 روز میں واپس آجائیں گے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) شہباز شریف کے خلاف متعدد بد عنوانی کے کیسز کی تحقیقات کررہا ہے۔ جن میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل بھی شامل ہے۔ اس کیس میں ان پر قومی خزانے کو 19 کروڑ 30 لاکھ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
اس کے علاوہ رمضان شوگر مل کرپشن کیس میں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر بد عنوانی کے ذریعے قومی خزانے کو 21 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔