عمران خان نے بھارت کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کردی

  • ہفتہ 08 / جون / 2019
  • 4980

وزیراعظم عمران خان نے خطے میں امن کی بحالی اور دونوں ممالک کے عوام کو درپیش مسائل کو دور کرنے کے لئے ایک مرتبہ پھر جموں و کشمیر اور دہشت گردی سمیت تمام معاملات پر مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو خط میں یہ پیشکش کی ہے۔ دوبارہ منتخب ہونے کے بعد نریندر مودی کو عمران خان کا یہ دوسرا خط ہے۔  اس سے قبل لکھے گئے خط میں انہوں نے بھارت کے مطالبے پر دہشت گردی کے مسئلے پر بات چیت کرنے کے لیے رضا مندی کا اظہار کیا تھا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے اپنے خط میں پڑوسی ممالک کے ساتھ امن کی پالیسی اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خط میں باہمی احترام اور بھروسے کے ساتھ غربت  اوردونوں ممالک کے عوام کو درپیش مسائل کا سامنا کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے مشترکہ اقدامات کے ذریعے خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے مقصد کو ترقی دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔  دفتر خارجہ کے ترجمان  ڈاکٹر محمد فیصل نے وزیراعظم کی جانب سے بھارتی ہم منصب کو لکھے گئے تازہ خط کی تصدیق کی ہے جس  میں پاکستان کی جانب سے نئی دہلی کے ساتھ مذاکرات کے عزم کو دہرایا گیا۔

اس سے پہلے بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے آئندہ ہفتے ہونے والے اجلاس کے موقع پر پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کے درمیان دو طرفہ ملاقات طے نہیں ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور نریندر مودی علاقائی تعاون تنظیم کے 13 اور 14 جون کو کرغزستان میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ’اگر بھارت بھی رضامند ہو تو ہم بھارتی وزیراعظم سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کے لیے تیار ہیں‘۔ دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی بھارت کے نئے وزیر خارجہ سبرامنیام جے شنکر کو خط لکھ کر عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

اس سے قبل شاہ محمود قریشی کی گزشتہ ماہ کرغزستان کے شہر بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ہی اجلاس کے موقع پر سابق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج ملاقات ہوئی تھی۔