روسی میزائل کی خریداری پر ترکی کو امریکہ کا انتباہ

  • اتوار 09 / جون / 2019
  • 8840

امریکہ نے ترکی کو متنبہ کیا ہے کہ وہ  جولائی کے آخر تک فیصلہ کرلے کہ اسے  امریکہ سے  ایف۔ 35 جنگی طیارے خریدنا چاہتا ہے روس سے طیارہ شکن میزائل سسٹم حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

ترکی کو یہ الٹی میٹم امریکہ کے قائم مقام وزیر دفاع پیٹرک شانہان نے ترکی کے وزیر دفاع ہلوسی اکار کو ایک خط کے ذریعے دیا ہے۔  خط میں ان کا کہنا تھا کہ ترکی ایک ہی وقت میں امریکہ سے جدید ایف-35 لڑاکا طیارے اور روس سے ایس- 400 طیارہ شکن میزائل سسٹم نہیں خرید سکتا۔

امریکہ اور ترکی دونوں نیٹو اتحادی ہیں اور ایس-400 طیارہ شکن میزائل سسٹم کےسوال پر مہنیوں سے اختلاف کا شکار ہیں۔  امریکہ کا کہنا ہے کہ روس کا میزائل سسٹم نیٹو کے دفاعی نظام سے مطابقت نہیں رکھتا اور یہ عالمی سلامتی کو بہت بڑا خطرہ ہے۔ امریکہ چاہتا ہے کہ ترکی روس کا میزائل سسٹم خریدنے کی بجائے امریکہ سے اس کا پیٹریاٹ طیارہ شکن میزائل سسٹم خریدے۔

ترکی  آزادانہ دفاعی پالیسی کے لیے کوشاں ہے۔ اس  نے 100 امریکی ایف-35 لڑاکا طیارے خریدنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہوئے ہیں اور ملکی سطح پر ایف-35 طیارے کے پرزے بنانے کے لیے 937 ترکی کمپینوں کے ساتھ بہت سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔

قائم مقام امریکی وزیر دفاع شانہان نے خط میں کہا ہے کہ امریکہ کو یہ جان کر 'مایوسی' ہوئی کہ ترکی نے اپنے فوجیوں کو روس میں ایس-400 طیارہ شکن میزائل نظام کی تربیت کے لیے بھیجا ہے۔ انہوں نے لکھا ’ اگر ترکی نے ایس-400 طیارہ شکن میزائل نظام خریدا، ترکی کو ایف-35 لڑاکا طیارہ نہیں ملیں گے۔ ترکی کے پاس اب بھی موقع ہے کہ وہ ایس-400 میزائل نظٌام کی خریداری کا ارادہ ترک کردے ۔‘