محسن داوڑ، علی وزیر کی رکنیت قومی اسمبلی ختم کرنے درخواست دائر

  • سوموار 10 / جون / 2019
  • 7250

خیبرپختونخوا میں ضم قبائلی علاقوں سے منتخب ہونے والے اراکین قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان  میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔

ڈیموکریٹ پارٹی آف پاکستان کے سابق چیئرمین فتح یاب خالد نے وکیل حافظ محمد سفیان کے توسط سے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی ہے۔  جس میں محسن داوڑ اور علی وزیر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ دونوں رکن قومی اسمبلی ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ لہٰذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔

ای سی پی میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ محسن داوڑ اور علی وزیر کو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کی بنیاد پر نااہل قرار دیا جائے۔  ان دونوں ایم این ایز کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے فوری طور پر روکا جائے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ دونوں رکن اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کی سیاسی سرگرمیوں پر بھی پابندی لگائی جائے۔

خیال رہے  کہ 26 مئی کو شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں خڑکمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا تھا، جس کے بارے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا تھا کہ چیک پوسٹ پر ایک گروہ نے محسن جاوید داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں حملہ کیا۔ اس حملہ میں 5  فوجی اہلکار زخمی ہوئے جبکہ تین مظاہرین مارے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق چیک پوسٹ پر حملے کا مقصد گرفتار کیے جانے والے مبینہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو چھڑوانے کے لیے دباؤ ڈالنا تھا۔ بیان میں کہا گیاتھا کہ چیک پوسٹ میں موجود اہلکاروں پر براہ راست فائرنگ کی گئی جس پر اہلکاروں نے تحفظ کے لیے جواب دیا۔