نیب عدالت نے آصف علی زرداری کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا
- منگل 11 / جون / 2019
- 4820
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔
احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے آصف علی زرداری کو 21 جون کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے آج صبح زیر حراست آصف علی زرداری کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے انہیں احتساب عدالت میں پیش کیا تھا۔
نیب ٹیم نے احتساب عدالت میں آصف علی زرداری کو پیش کرنے کے بعد عدالت سے ان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ اسلام آباد احتساب عدالت میں سابق صدر کو پیش کرنے سے قبل تین رکنی طبی ٹیم نے ان کا معائنہ کیا تھا۔ نیب کے ذرائع نے بتایا کہ ’طبی ٹیم نے آصف علی زرداری کے جسمانی ریمانڈ کے لیے انہیں تندرست قرار دیا‘۔
احتساب عدالت میں پیپلز پارٹی کے سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ آصف زرداری کو پیش کیے جانے کے موقع پر احتساب عدالت اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور وفاقی حکومت نے پولیس اور رینجرز پر مشتمل تقریباً 2 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد آصف علی زرداری کو زرداری ہاؤس اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔
خیال رہے کہ فریال تالپور کے وارنٹ گرفتاری جاری نہ ہونے کے باعث انہیں گرفتار نہیں کیا جاسکا جبکہ سابق صدر کی گرفتاری کے لیے نیب نے وارنٹ گزشتہ روز جاری کیے تھے۔